یادگیر گٹہ میں رئیل اسٹیٹ تاجر کی انوکھی پیشکش ، گاہکوں کو راغب کرانے نت نئے طریقے
حیدرآباد۔2اگسٹ (سیاست نیوز) گاہک کو راغب کرنے کیلئے تاجر کیا کچھ نہیں کرتے؟ اشتہار بازی‘ آفر‘ ڈسکاؤنٹ سیل اور طرح طرح کی ترغیبات پیش کی جا تی ہیں لیکن حالیہ عرصہ میں ہندستان میں گائے اور چائے کو جو مقبولیت حاصل ہوئی اب تاجر اس کا بھی فائدہ اٹھانے لگے ہیں۔ شہر حیدرآباد کے قریب اکثریتی طبقہ کے مذہبی مقام سمجھے جانے والے علاقہ ’’یادگیر گٹہ‘‘ متبدلہ نام یدادری میں ایک رئیل اسٹیٹ تاجر نے انوکھی پیشکش کے ذریعہ سب کو چونکا دیا ہے اور گاہکوں کو راغب کرتے ہوئے اپنے وینچر کو زبردست طریقہ سے فروخت کر رہا ہے۔ یادگیر گٹہ میں 400مربع گز زمین کی خریدی پر رئیل اسٹیٹ تاجر نے 70ہزار روپئے مالیتی گائے بطور تحفہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ اتنا ہی نہیں حالیہ عرصہ میں گائے کے تقدس میں ہوئے اضافہ کو دیکھتے ہوئے تاجر نے گائے اپنی حفظ وامان میں رکھنے اور 84ماہ کے بعد 50ہزار روپئے میں واپس خریدنے کا بھی وعدہ کیا ہے اور ان 84ماہ کے دوران ’’گائے ‘‘ کا ماہانہ 3000روپئے کرایہ بھی ادا کیا جائے گا۔ بھونگیر میں جاری اس وینچر کو حالیہ عرصہ میں کافی مقبولیت حاصل ہونے لگی ہے اور اس وینچر کے مالک کا کہنا ہے کہ تاجر اپنے اشیاء کی فروخت کیلئے مختلف طریقوں سے گاہک کو راغب کرتے ہیں او رانہوں نے بھی ایک طریقۂ کار اختیار کیا ہے جس سے نہ صرف انہیں بلکہ گاہکوں کو بھی فائدہ حاصل ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ 400مربع گز کے پلاٹ کی خریدی پر بطور تحفہ پیش کی جا رہی ’’گائے‘‘ کے متعلق تمام امور کا معاہدہ 100روپئے کے اسٹامپ پیپر پر کیا جارہا ہے اور اس میں اس بات کی صراحت بھی موجود ہے کہ اگر کوئی حادثہ پیش آتا ہے اور گائے کو نقصان ہوتا ہے تو ایسی صورت میں انشورنس کمپنی مکمل معاوضہ ادا کرے گی۔ وینچر کے مالک مسٹر راما کرشنا کا کہنا ہے کہ اگر زمین کے خریدار بطور تحفہ حاصل ہونے والی گائے کو ان کے پاس رکھواتے ہیں تو ایسی صورت میں وہ انہیں 3000روپئے ادا کریں گے جو کہ ایک گائے سے ہونے والی ماہانہ 15000آمدنی میں سے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو گائے وہ دے رہے ہیں اس گائے کے ذریعہ یومیہ 20-25لیٹر دودھ حاصل کیا جا سکتا ہے جس کی فروخت کے ذریعہ یہ آمدنی ہوگی اور اس میں خریداروں کو حصہ دیا جائے گا۔ تفصیلات کے بموجب فی الحال 500پلاٹس برائے فروخت ہیں اور ان کے ساتھ دی جانے والی 500گائے بھی موجود رکھی گئی ہیں۔ شہر حیدرآباد سے 65-70کیلو میٹر کی مسافت پر موجود یادگیر گٹہ میں 400مربع گز زمین کی قیمت 3لاکھ 50ہزار روپئے وصول کی جا رہی ہے۔وینچر کے ذمہ دار نے بتایا کہ جو لوگ پلاٹ خرید رہے ہیں ان کے نام پر گائے بھی کی جا رہی ہے اور انہیں اس بات کا مکمل اختیار فراہم کیا جا رہا ہے کہ اگر وہ چاہیں تو گائے اپنے ہمراہ لے جا سکتے ہیں یا پھر کمپنی کے پاس رکھتے ہوئے ماہانہ کرایہ حاصل کرسکتے ہیں۔