پشاور میںحملہ کے بعد صیانتی اقدامات سخت

پشاور ۔ 3ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام )پشاور میں زراعی ادارے پر حملے کے بعد سے سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے ۔ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں محکمہ زراعت کے تربیتی مرکز پر حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تدفین کر دی گئی ہے۔ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق ایف آر ڈیرہ اسماعیل خان، کوہستان، بنوں، شانگلہ چکدرہ پشاور اور دیگر علاقوں سے بتایا گیا ہے۔ نماز جنازہ میں ان علاقوں کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ہے۔ خیبر ٹیچنگ ہسپتال اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں آٹھ زخمی اب بھی زیر علاج ہیں ایک شدید زخمی کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔
بیشتر زخمیوں کو ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔پشاور میں جگہ جگہ ناکے لگے ہوئے ہیں اور سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ انسداد دہشت گردی کے تھانے میں ہفتے کو اس واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں دہشت گردی کے علاوہ مختلف دفعات لگائے گئے ہیں۔