نئی دہلی ۔ 16 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے پاکستان کے شہر پشاور کے ایک اسکول میں دہشت گردوں کی جانب سے اسکولی طلبہ اور ٹیچرس کو ہلاک کرنے کے واقعہ کو بدترین بدی اور برائی کی مثال قرار دیا اور کہا کہ سماج سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے جاری کوششوں میں دوبالا اضافہ کرنے ساری دنیا کو متحدہ ہوجانا چاہئے۔ صدر پرنب مکرجی نے جو ایک فوجی ہاسپٹل میں زیرعلاج ہیں، پاکستان کے اسکول میں ہوئے دہشت گرد حملے پر سخت افسوس اور برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی وحشیانہ حرکات انسانیت کے تمام اصولوں اور اقدار کے مغائر ہے۔ صدر مکرجی نے کہا کہ ’’دہشت گردوں کی بربریت انگیز حرکت سے کچھ اور نہیں بلکہ بدترین بدی اور برائی کی ایک جھلک واضح ہوئی ہے۔ ساری دنیا کو چاہئے کہ وہ متحد ہوجائے اور ہر ملک کو سماج سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمہ کیلئے جاری کوششوں میں دگنا اضافہ کیا جائے۔ صدر ہند نے پاکستان کے غمزدہ خاندانوں سے اپنی دلی تعزیت کا اظہارکیا اور تمام زخمیوں کی عاجلانہ صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تحریک طالبان پاکستان دہشت گرد گروپ نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول کی ہے جس میں 130 افراد ہلاک ہوگئے ہیںجن میں 126 بے قصور و کمسن اسکولی بچے شامل ہیں۔