پشاور ، 10 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ایک خودکش بم دھماکے میں کم از کم چار خواتین ہلاک اور متعدد دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ دھماکہ چکمنی کے علاقہ میں ’جیمل چوک‘ کے قریب ہوا۔ متعلقہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس فیصل شہزاد نے بیرونی میڈیا کو بتایا کہ قبائلی علاقے سے نقل مکانی کر کے آنے والے ایک خاندان کے فرد کی نمازہ جنازہ ادا کی جانی تھی اور خودکش حملہ آور وہاں جا کر یہ دھماکہ کرنا چاہتا تھا۔ شہزاد کے بقول جنازے میں شریک افراد نے خودکش بمبار کو پہچان لیا جس پر اُس نے ایک قریبی گھر میں گھس کر دھماکہ کر دیا۔ پولیس نے سرچ آپریشن شروع کر رکھا ہے۔