پسماندہ طبقات کے مسائل کو حل کرنا تلنگانہ حکومت کی اولین ترجیح

دھوبی طبقہ کی اسٹیٹ کانفرنس، ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔25جولائی(سیاست نیوز) تلنگانہ میںپسماندگی کاشکار طبقات کو درپیش مسائل کا حل تلنگانہ حکومت کی اولین ترجیح ہوگا۔ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ریاست جناب محمد محمود علی ایس وی کیندرم میں دھوبی طبقہ کی جانب سے منعقدہ ریاستی کانفرنس سے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے کہاکہ پسماندگی کاشکار طبقات بالخصوص دھوبی اور دیگر کام انجام دینے والے قبائیلی طبقات کو آصف جاہی دور میںبھی خصوصی رعایتیں فراہم کی گئی تھی۔انہوں نے کہاکہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش کا قیام مذکورہ طبقات کی تباہی کا سبب بنا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ آندھرائی حکمرانوں اور سرمایہ داروں نے منظم طریقے سے دھوبی ‘ موچی جیسے پیشوں سے وابستہ طبقات کوتباہی کے دہانے پر پہنچانے میںکوئی کسر باقی نہیں رکھی۔جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ٹی آر ایس پارٹی کا نئی ریاست میں برسراقتدار آنا خود اس بات کی دلیل ہے کہ ٹی آر ایس سربراہ تلنگانہ تحریک کے دوران عوام بالخصوص پسماندگی کاشکار طبقات سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میںناصرف سنجیدہ ہیں بلکہ سنہری تلنگانہ کے اپنے خواب کو شرمندہ تعبیرکرنے کے لئے تلنگانہ میں پسماندگی کا شکار طبقات کی یکساں ترقی کی جامعہ منصوبہ سازی بھی کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایس سی‘ ایس ٹی‘ بی سی اور میناریٹی میں کئی ایسے طبقات ہیں جو تعلیمی اور معاشی پسماندگی کا سب سے زیادہ شکار ہونے کے باوجود حکومت کی رعایتوں اور تحفظات سے اب تک محروم رہے ۔ انہوں نے مذکورہ طبقات کے ساتھ انصاف کے لئے تلنگانہ حکومت کو پابند عہد قراردیتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ حکومت پسماندہ طبقات کے مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ ہے مگر اس کے لئے کچھ وقت درکار ہے ۔ انہو ں نے دھوبی کمیونٹی کی جانب سے کی گئی نمائندگی کو وزیر اعلی تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر رائو تک پہنچانے کا بھی اس موقع پر دھوبی کمیونٹی کے ذمہ داران سے وعدہ کیا۔بی جے پی کے رکن اسمبلی ڈاکٹر کے لکشمن اور دیگر نے بھی اس جلسہ عام سے خطاب کیا۔