پسماندہ طبقات کی بہبود کیلئے اقدامات:جگدیش ریڈی

حیدرآباد 24 جنوری (یو این آئی) تلنگانہ کے وزیر جگدیش ریڈی نے کہا ہے کہ ایس سی ’ ایس ٹی ’ بی سی طالبات کیلئے حکومت کی جانب سے اسکولس اور کالجس قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے لڑکیوں کے قومی دن کے موقع پر نلگنڈہ ضلع میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت کی طرف سے معاشی مدد دی جارہی ہے ۔ فی دلت 3 ایکر اراضی ’ وزیر اعلی چندر شیکھر راؤ دینا چاہتے ہیں۔یہ اراضی خواتین کے نام پر ہو گی ۔ خواتین کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے حکومت سرگرم ہے ۔ لڑکیوں کی تعلیم پر توجہ دی جارہی ہے جس سے بہتر سماج کی تشکیل ممکن ہے ۔ تلنگانہ کو ملک کی سرفہرست ریاست بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں انہوں نے تمام سرکاری پروگراموں اور اسکیمات میں شراکت دار بننے کی عوام سے اپیل کی ۔ اسی دوران جنگاؤں کے منی اسٹیڈیم میں 12 ہزار طالبات نے حفاظت خود اختیاری کا مظاہرہ کیا ۔ اسے گنیز بک میں ریکارڈ کے طور پر بھیجا جائے گا ۔ لڑکیوں کو دست درازی ’ چھیڑ خانی کے واقعات سے روکنے خود کے دفاع کی تربیت دی گئی ۔ اس تربیت کی تکمیل کے بعدآج لڑکیوں نے منی اسٹیڈیم میں اس تربیت کا مظاہرہ کیا ۔ لڑکیوں کو مارشل آرٹس ’ کراٹے ’ تائی چی اور جوڈو کی تربیت دی گئی ۔ دیہی علاقوں کی ان طالبات نے آج اس کا بہتر طور پر مظاہرہ کیا جس کی ستائش کی گئی۔