حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : پرانے شہر کے علاقہ بھوانی نگر میں ایک کمسن کی مشتبہ موت کا واقعہ پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 14 سالہ کمسن مرزا احمد علی بیگ جو 9 ویں جماعت کا طالب علم تھا ۔ کل رات سے پر اسرار طور پر لاپتہ تھا ۔ جس کی نعش آج محمد نگر کے علاقہ میں ایک درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئی ۔ مرزا احمد علی بیگ راجو نگر بھوانی نگر علاقہ کے ساکن مرزا محمد علی بیگ کا بیٹا تھا ۔ اس خصوص میں انسپکٹر بھوانی نگر مسٹر بی سرینواس راؤ نے بتایا کہ پولیس نے والدین کی شکایت پر مشتبہ موت کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ تاہم پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ لڑکے نے والدین سے مبینہ ناراضگی پرانتہائی اقدام کرلیا ہے ۔ اور اس نے خود مبینہ طور پر درخت سے پھانسی لے کر خود کشی کرلی ۔ انسپکٹر کا کہنا ہے کہ پولیس اس کمسن لڑکے کی موت کی ہر زاویہ سے تحقیقات کرے گی ۔۔