حیدرآباد۔/29جولائی، ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کی نئی عمارت کی تعمیر اندرون دیڑھ سال مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کیلئے پری کاسٹ ٹکنالوجی استعمال کی جائے گی۔ وزارت صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ عمارت کی تعمیرکا کام جلد از جلد پورا کرنے کیلئے حکومت نے پری کاسٹ ٹکنالوجی سے استفادہ کا فیصلہ کیا ہے جس سے تعمیری معیار پر کوئی اثر نہیں ہوگا اور ماہرین سے مشاورت کے بعد ہی یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ پری کاسٹ ٹکنالوجی کے فوائد بتاتے ہوئے ڈاکٹر وی این رمنا راؤ اسٹرکچرل انجینئرنگ اسپیشلسٹ نے کہا کہ اس کی وجہ سے تعمیری مقام پر کسی طرح کی رکاوٹ نہیں ہوگی اور معیار بھی بہتر رہے گا کیونکہ بلاکس کو فیکٹری میں پہلے ہی تیار کیا جائے گا اور تعمیری مقام پر صرف اسے جوڑنے کی ضرورت ہوگی۔ اس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ یہ تعمیر روایتی طریقہ سے مختلف ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ ایسی عمارت کو کافی حد تک نگہداشت کی بھی ضرورت نہیں ہوا کرتی۔ ایک اور عہدیدار نے بتایا کہ پری کاسٹ ٹکنالوجی کی وجہ سے صوتی آلودگی کا امکان بھی کم رہتا ہے اور آتشزدگی سے نقصان کا احتمال بھی بہت کم رہتا ہے۔