حیدرآباد 19 جولائی (سیاست نیوز) ہندو مذہب کی متنازعہ شخصیت سوامی پریپورنا نندا کو شہر بدر کرنے کے خلاف احتجاج کرنے والے وی ایچ پی اور بجرنگ دل کارکنوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ سوامی کی گرفتاری کے خلاف ہندو تنظیموں نے آج ریاست میں چکاجام احتجاج کا اعلان کیا تھا اور شہر کے 30 مقامات پر راستہ روکو احتجاج کی کوشش کی لیکن پولیس نے ناکام بناکر اُنھیں گرفتار کرلیا۔ وی ایچ پی کارکنوں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور سوامی کے شہر بدر کرنے کے احکام کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ وی ایچ پی کے احتجاج سے ٹریفک میں خلل پیدا ہوا اور پولیس نے اُنھیں گرفتار کرتے ہوئے مختلف پولیس اسٹیشنس منتقل کیا۔ پولیس کارروائی کے خلاف وی ایچ پی میڈیا کنوینر ایس کیلاش نے بتایا کہ سوامی کے خلاف کارروائی پر اُن کا احتجاج جاری رہے گا اور جلد نئی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔