نئی دہلی 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) یوم جمہوریہ ہند پریڈ میں بحیثیت مہمان خصوصی شریک امریکہ کے صدر بارک اوباما آج اس تقریب میں ’’چیونگ گم‘‘ چباتے دیکھے گئے۔ اس ضمن میں منظر عام پر آنے والی تصاویر میں دیکھا گیا کہ وہ چیونگ گم چبارہے تھے لیکن اُس وقت منہ سے باہر نکال دیا جب وزیراعظم نریندر مودی ان سے بات کررہے تھے۔ کسی رسمی تقریب میں اوباما کے چیونگ گم چبانے کے بارے میں سوشیل میڈیا پر اگرچہ کئی تبصرے کئے گئے ہیں لیکن یہ پہلا موقع بھی نہیں تھا کہ انھیں ایسا کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس موضوع پر ٹوئٹر پر کئے جانے والے کئی تبصروں میں معروف مصنفہ شوبھاڈے کا ایک تبصرہ بھی شامل ہے جس میں ڈے نے لکھا کہ ’’بارک بھائی مسلسل اپنی داڑ چلارہے ہیں اور گم چبا رہے ہیں‘‘ کم سے کم یہ گٹکہ تو نہیں ہے۔ لیکن کسی رسمی تقریب میں چیونگ ۔ کیا کوئی سنجیدگی کی بات ہے؟ گم چبانے کے بارے میں اوباما کی عادت پر امریکی میڈیا نے ماضی میں بہت کچھ لکھا ہے۔ ان کی طبی رپورٹ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ سگریٹ نوشی کے چند معمولی مسائل کے سواء اُن کی صحت بہت اچھی ہے۔