پریڈ میں روسی ساختہ اسلحہ و فوجی ساز وسامان،صدر اوباما کیلئے ایک ناگوار نظارہ…

نئی دہلی 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہند ۔ امریکہ دوستی میں اگرچہ 1991 ء سے ایک نئے تاریخی باب کا اضافہ ہوا ہے اور بالخصوص گزشتہ دو سال سے امریکہ اپنے حریف روس کو پس پشت ڈالتے ہوئے ہندوستان کو اسلحہ برآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے۔ اس کے باوجود راج پتھ پر آج یوم جمہوریہ پریڈ میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرنے والے امریکہ کے صدر بارک اوباما کو اس وقت ایک ناگوار تلخ حقیقت کا سامنا کرنا پڑا جب ہندوستانی فوجی طاقت کے مظاہرہ کے دوران اکثر روسی اسلحہ اور فوجی ساز و سامان کو ہی دیکھا گیا کیونکہ ہندوستانی اسلحہ اور فوجی ساز و سامان کا 70 فیصد حصہ روسی ساختہ ہے جو گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران درآمد کئے گئے تھے۔ لیکن سرد جنگ کے خاتمہ کے بعد منظر بدل گیا۔ ہندوستان اب دنیا کا سب سے بڑا اسلحہ درآمد کرنے والا ملک بن گیا ہے اور امریکہ، ہندوستان کو اسلحہ برآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک بن چکا ہے۔ اس کے باوجود آج کی پریڈ میں روسی ساختہ اسلحہ اور فوجی ساز و سامان کی بکثرت نمائش صدر اوباما کو یقینا ناگوار گزری ہوگی۔ غالباً یہی وجہ تھی کہ اس سال پریڈ میں فوجی طاقت سے زیادہ تہذیبی ورثے کا مظاہرہ کیا گیا۔