پریس کونسل آف انڈیا ٹیم نے شجاعت بخاری کے دفتر کا دورہ کیا

سری نگر ۔3 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر میں میڈیا کے حالات کا جائزہ لینے کیلئے یہاں آنے والی پریس کونسل آف انڈیا (پی سی آئی) کی سہ رکنی کمیٹی نے گذشتہ شام سرکردہ صحافی مرحوم سید شجاعت بخاری کے دفتر کا دورہ کرکے ادارے کے منتظمین اور ملازمین سے تفصیلی بات چیت کی۔ سینئر صحافی پروات کمار داش، یو این آئی ایڈیٹر اشوک اپادھیائے اور ماہرتعلیم پروفیسر سشما یادو پر مشتمل پی سی آئی کی سہ رکنی کمیٹی پیر کی شام یہاں پریس کالونی میں واقع ’کشمیر میڈیا گروپ (کے ایم جی)‘ کے دفتر پر پہنچی اور ادارے کے منتظمین اور ملازمین سے قریب دو گھنٹوں تک بات چیت کی۔