2 افراد سے پوچھ گچھ، ممبئی پولیس نے بیان قلمبند کیا
ممبئی۔ 15؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ بالی ووڈ فلم اداکارہ پریتی زنٹا کے ساتھ ان کے سابق بوائے فرینڈ اور صنعت کار نیس واڈیا کی جانب سے کی گئی مبینہ دست درازی کیس کے ضمن میں ممبئی پولیس نے آج دو افراد سے پوچھ گچھ کی اور ان کا بیان قلمبند کیا۔ اداکارہ اس وقت ملک سے باہر ہے، اس لئے ان سے رابطہ قائم نہ ہوسکا۔ اس کیس کی تحقیقات کرنے والے ایک پولیس عہدیدار نے کہا کہ دو افراد کے بیانات کو قلمبند کیا گیا ہے۔ یہ دونوں 30 مئی کو وانکھیڈے اسٹیڈیم میں برسرعام پریتی زنٹا اور نیس واڈیا کے درمیان مبینہ طور پر ہونے والی جھڑپ کے دوران موجود تھے، تاہم پولیس نے ان دو افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی اور ان کے بیانات میں کیا
حقیقت سامنے آئی، اس پر بھی کوئی لب کشائی نہیں کی۔ تحقیقات کرنے والی پولیس ٹیم 39 سالہ اداکارہ کا بیان بھی قلمبند کرنا چاہتی ہے، لیکن وہ اس وقت ملک میں نہیں ہے۔ پولیس عہدیدار نے کہا کہ بعض قابل لحاظ ثبوت اکٹھا کرنے کے بعد ہی نیس واڈیا کو سمن جاری کریں گے۔ تحقیقات کنندگان، اداکارہ سے یہ بھی کہیں گے کہ وہ ان کے اور ان کے سابق بوائے فرینڈ کے درمیان ہونے والے ای۔میل مراسلت کی نقل بھی داخل کریں۔ اس تعلق سے پولیس کا کہنا ہے کہ اِن ای۔میلس کی نوعیت کے ذریعہ ہی یہ پتہ چلایا جاسکے گا کہ شکایت کنندہ اور نیس واڈیا کے درمیان اختلافات کتنے طویل اور شدید ہیں۔