حیدرآباد 6 نومبر (سیاست نیوز) وقارآباد ضلع کے پرگی میں پیش آئے سنسنی خیز واقعہ میں ٹی آر ایس لیڈر کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا گیا۔ 65 سالہ نارائن ریڈی پر ایک گروپ نے آج صبح اُس وقت حملہ کیا جب وہ کھیتوں کی طرف موٹر سائیکل پر جارہا تھا۔ ڈی ایس پی پرگی بی رویندر ریڈی نے کہاکہ نارائن ریڈی پر پہلے لاٹھیوں سے حملہ کیا گیا اور بعدازاں سر پر پتھر ڈال کر قتل کردیا گیا۔ اِس واقعہ کے بعد پرگی سلطان پور میں ہلکی کشیدگی پیدا ہوگئی اور نارائن ریڈی کے رشتہ داروں نے دو کانگریس کارکنوں پر حملہ کرکے اُنھیں زخمی کردیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ نارائن ریڈی کے ڈرائیور ملیا نے اُسی علاقہ کی خاتون کے خلاف ناشائستہ زبان استعمال کی تھی جس کے نتیجہ میں عوام نے ملیا کو اُس کے مکان میں مقفل کردیا اور نارائن ریڈی پر حملہ کیا گیا۔ واقعہ کے بعد پولیس نے پرگی میں بھاری فورس متعین کردی اور مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔