حیدرآباد، 4 جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد کے دو جواں سال علماء آج کار حادثے میں جاں بحق ہوگئے جبکہ چھ دیگر افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ یہ حادثہ ضلع رنگاریڈی چنگومل پولیس اسٹیشن کے حدود میں آج صبح پیش آیا۔ پولیس کے مطابق یہ تمام لوگ گلبرگہ (کرناٹک) سے کار میں حیدرآباد آرہے تھے کہ تیز رفتاری کی وجہ سے پوڈور گیٹ کے قریب کار اُلٹ گئی جس سے حیدرآباد کے حضرت سید محمد صدیق حسینی قادری سجادہ نشین حضرت خواجہ محبوب اللہ ؒکے صاحبزادہ مولانا حافظ سید شاہ علی محی الدین محبوب قادری المعروف محبوب بابا اور مولانا فہیم الدین کامل جامعہ نظامیہ جاں بحق ہوگئے جبکہ چھ شدید زخمیوں سید مرتضی تاج الدین حیدر قادری، سید علی معین الدین قادری برہان پاشاہ، محمد حسن علی ظہیر یحییٰ پاشاہ، سید قطب اللہ، شیخ اظہر، سید فراست علی کو حیدرآباد منتقل کیا گیا۔ پولیس نے ایک کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔ یہ لوگ کل رات جلسہ میلاد النبی صلعم سے خطاب کیلئے چنچولی گئے تھے اور وہاں سے حیدرآباد کو واپسی کے دوران حادثہ پیش آیا۔ ان کے ہمراہ خانوادہ کے دو نوجوان بھی تھے جن کو شدید زخمی حالت میں یہاں کیئر ہاسپٹل منتقل کیا گیا اور ڈاکٹروں نے اب ان دونوں کو خطرے سے باہر بتایا ہے۔ مولانا محبوب قادری کی نماز جنازہ بعد نماز عشاء مسجد حضرت سیدنا یحییٰ پاشاہ قبلہ ؒ قاضی پورہ میں ادا کی گئی اور تدفین ریاض مدینہ آستانہ سیدنا یحییٰ پاشاہ قبلہؒ مصری گنج میں عمل میں آئی۔ نماز جنازہ حضرت سید شاہ محمد صدیق حسینی عارف نے پڑھائی۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی علماء و مشائخین، سیاسی قائدین ، مرشدین، معتقدین کا تانتا بندھ گیا تھا۔ فاتحہ سیوم جمعرات 7 جنوری کو سہ پہر 4 بجے ریاض مدینہ مصری گنج میں مقرر ہے۔