پرگتی بھون کا سیاسی اغراض کیلئے استعمال الیکشن کمیشن سے کانگریس کی شکایت

حیدرآباد۔/7 اپریل، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اپنی سرکاری رہائش گاہ کا سیاسی اغراض کیلئے استعمال کررہے ہیں۔ کمیٹی کے صدرنشین ایم ششی دھر ریڈی اور کنوینر جی نرنجن نے اس سلسلہ میں چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار کو مکتوب روانہ کیا۔ جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ کے سی آر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے سابق میں انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ سرکاری قیامگاہ کو سیاسی سرگرمیوں کیلئے استعمال نہ کریں لیکن کے سی آر ان ہدایات کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے سابق میں چار مرتبہ پرگتی بھون کے سیاسی استعمال پر نمائندگی کی تھی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے کے سی آر کو ہدایات جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے کل سرکاری قیامگاہ پر سابق وزیر ایم وینکٹیشورراؤ اور کانگریس کے قائد وی روی چندرا کو ٹی آر ایس میں شامل کیا اور انہیں پارٹی کا کھنڈوا پہنایا گیا۔ اس سلسلہ میں اخبارات میں خبریں شائع ہوئی ہیں۔ کانگریس نے الیکشن کمیشن سے اس سلسلہ میں فوری کارروائی کی اپیل کی۔ اس کے علاوہ چیف سکریٹری کے خلاف کی گئی شکایت پر کاروائی کی مانگ کی گئی ہے۔