پروفیسر محمد میاں کے خلاف خبر

پروفیسر محمد میاں کے خلاف خبر
دورہ تانڈور کا مقصد نظر انداز
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے اپنے ایک پریس نوٹ میں وضاحت کی ہے کہ پروفیسر محمد میاں 15 اگست 2014 کو جناب محمد خورشید حسین ، صدر مسلم ویلفیر اسوسی ایشن تانڈور کی دعوت پر وہاں گئے تھے تاکہ علاقہ میں آباد اردو بولنے والوں کی تعلیمی ترقی اور تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جائے ۔ اسوسی ایشن کے عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال سے قبل پروفیسر محمد میاں نے مقامی عوام کی دعوت پر ایک مقامی اسکول کا بھی معائنہ کیا جو مندر کے احاطے میں چلایا جاتا ہے ۔ اس موقع پر ان کا روایتی انداز میں خیر مقدم کیا گیا ۔ پروفیسر محمد میاں نے اس موقع پر طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ایسی کوئی بات نہیں کی جو ان کے ’مذہب بیزار ‘ ہونے پر دلالت کرے ۔ ہندوستان ایک سیکولر ملک ہے جہاں سب کو اپنے مذہب پر چلنے اور اس کے پرچار کی آزادی حاصل ہے ۔ خود اردو زبان کا خمیر سیکولر مزاج پر مبنی ہے ۔ ایسے میں اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے تعلق سے مذہب بیزاری اور مندر میں پوجا جیسے الزامات منسوب کرتے ہوئے ان کی کردار کشی کی کوشش نہایت نا مناسب اور ناقابل قبول ہے ۔۔