پروفیسر شکیل صمدانی باوقار ماہرِ قانون ایوارڈ سے سرفراز

علی گڑھ، 3نومبر(سیاست ڈاٹ کام) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو )کی قانون فیکلٹی کے سینئر استاد پروفیسر شکیل صمدانی کو باوقار ماہرِ قانون ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ہے ۔ پروفیسر صمدانی کو یہ ایوارڈ کولکاتا کے کلا مندر آڈیٹوریم میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران اردو اخبار ” سرپرست” کی جانب سے دیا گیا۔پروفیسر صمدانی کو یہ ایوارڈ ایک باوقار ماہرِ قانون اور حقوقِ انسانی کے تحفظ اور آئین کے تئیں بیداری پیدا کرنے کے لئے کئے گئے ان کے قابلِ قدر اقدامات پر دیا گیا۔ بطور ایوارڈ انہیں ایک توصیفی سند، شال اور یادگاری نشان پیش کیا گیا۔ انہیں یہ اعزاز سابق مرکزی وزیر مسٹر علی اشرف فاطمی اورحکومتِ مغربی بنگال کے وزیر مسٹر جاوید احمد خاں نے پیش کیا۔ پروفیسر صمدانی اے ایم یو کے شعبئہ قانون میں گذشتہ27سال سے تدریس کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہیں ملک کی اہم تنظیموں کی جانب سے مختلف اعزازات سے سرفراز کیاجا چکا ہے ۔