پرنس ولیم اور مڈلٹن کی شامی پناہ گزینوں سے ملاقات

وینکوور ۔26 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے پرنس ولیم اور اُن کی اہلیہ کیٹ نے برٹش کولمبیا کا اپنا دورہ جاری رکھا ہے تاہم اُن کے دونوں بچے پرنس جارج اور پرنسیس شارلیٹ اُن کے ہمراہ نہیں ہیں۔ یاد رہے کہ کچھ ہی روز قبل 3 سالہ پرنس جارج اُس وقت سرخیوں میں آگئے تھے جب انھوں نے وزیراعظم کینڈا جسٹس ٹروڈو کے ساتھ ہائی فائی کرنے سے پہلے تو انکار کردیا تھا تاہم بعد ازاں وزیراعظم سے مصافحہ کیا تھا ۔ وزیراعظم ایرپورٹ پر شاہی خاندان کا استقبال کرنے والے بیشتر افسران اور معزز شہریوں کے ساتھ موجود تھے ۔ وکٹوریہ پہنچنے کے بعد پرنس ولیم اور اُن کی اہلیہ اکیلے وینکوور روانہ ہوگئے جبکہ بچے وکٹوریہ میں ہی رہ گئے ۔ انھوں نے متعدد شامی پناہ گزینوں سے بھی ملاقات کی۔