پرنس عظمت جاہ بہادر مکرم جاہ ٹرسٹ کے چیرمین نامزد

پرنسس شاہکار ٹرسٹی مقرر، مکرم جاہ اسکول کی سالانہ تقریب، پرنس مکرم جاہ بہادر کا اعلان
حیدرآباد ۔ 14 مارچ (سیاست نیوز) پرنس مکرم جاہ بہادر نے مکرم جاہ ٹرسٹ فار ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے چیرمین اپنے فرزند پرنس عظمت جاہ بہادر کو نامزد کیا اور ٹرسٹی میں اپنی دختر پرنسس شہکار کو نامزد کیا۔ اس طرح مکرم جاہ ٹرسٹ میں خاندان آصف جاہی کے چشم و چراغ کے بعد یہ مزید رونق بخش ہوجائے گا۔ اس کا اعلان جناب میر کمال الدین علی خان سکریٹری مکرم جاہ ٹرسٹ فار ایجوکیشن اینڈ لرننگ نے یہاں پرانی حویلی میں مکرم جاہ اسکول کے سالانہ جلسہ میں کیا اور کہا کہ ٹرسٹ کے موجودہ ٹرسٹیز میں لیفٹننٹ ذکی مسٹر ایم اے باسط سابق ڈی جی پی، مسٹر راشد علی مرزا اور دیگر شامل ہیں جن کی خدمات اس ٹرسٹ کو حاصل ہیں اور مکرم جاہ اسکول جو آئی سی ایس ای نصاب کا ملحقہ ہے۔ نہ صرف حیدرآباد بلکہ ملک کا منفرد اسکول ہے جہاں ماہانہ فیس آج بھی صرف 450 روپئے تا 500 روپئے ہے۔ انہوں نے اپنے خیرمقدمی کلمات میں رپورٹ بھی پیش کی اور مسٹر بھنور لعل آئی اے ایس چیف الکٹورل آفیسر کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی خدمات کے آج 50 سال مکمل کئے جنہیں بھنور لال صاحب سے سیکھنے اور شاگردی کا اعزاز حاصل ہے۔ اس اسکول میں جو تاریخی پرانی حویلی میں قائم ہے، جو تین نظام کا جائے پیدائش ہے مہمان خصوصی کی حیثیت سے مسٹر بھنور لعل آئی اے ایس اور مسٹر ستیہ نارائنا آئی پی ایس، ڈی سی پی ساؤتھ زون اور جناب ظفر جاوید سکریٹری سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی نے شرکت کی اور اسکول کی کارکردگی اور طلباء کے شاندار مظاہرہ کی ستائش کرتے ہوئے انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر مہمانان کے ہاتھوں اسکولی طلباء و طالبات کو ان کے مختلف شعبہ جات اور مقابلہ جات میں شاندار مظاہرہ پر پُرکشش انعامات دیئے گئے۔ مسٹر فخرالنساء فہیم جلیل پرنسپل مکرم جاہ اسکول و جونیر کالج نے رپورٹ پیش کی اور پروگرام کی نگرانی کی۔ ابتداء میں اسکول کے چار ہاؤز اور این سی سی کیڈٹ نے گارڈ آف آنرس پیش کیا۔ پروگرام کا آغاز قرأت سے ہوا اور نرسری کے جی کے معصوم طلبہ نے عربی نغمے سے کلچرل پروگرام کا آغاز کیا۔ مختلف تہذیبی پروگرام کا رنگارنگ انعقاد عمل میں آیا۔ آخر میں فخرالنساء فہیم نے شکریہ ادا کیا۔ اسکول کے طلباء اور سرپرستوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔