حیدرآباد ۔ 22 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : پرنس مفخم جاہ کے ہاتھوں پرنسیس درشہوار چلڈرن اور جنرل ہاسپٹل پرانی حویلی میں نئی سی ٹی ( اسکیان ) مشین کا افتتاح عمل میں آیا ۔ اس موقع پر چیف ایڈمنسٹریٹر جناب نجم الدین ، ڈاکٹر کے نرنجنی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ، جناب سید سلمان محی الدین سکریٹری ، سید عقیل عباس مارکیٹنگ منیجر کے علاوہ بورڈ ممبرس ایس انیس حسین اور ڈاکٹر ایم اے حبیب گھٹالہ بھی موجود تھے ۔ شیخ یوسف علی ایچ آر منیجر نے بتایا کہ 1.80 کروڑ کی لاگت سے نصب کردہ اسکیان مشین کا افتتاح کرنے کے بعد پرنس مفخم جاہ نے ہاسپٹل انتظامیہ کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ پرنس مفخم جاہ ہمیشہ ہاسپٹل کی ترقی اور کم خرچ پر معیاری علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کو ترجیح دیتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ 24 گھنٹے سی ٹی اسکیان کی سہولت رہے گی اور جس طرح ہاسپٹل انتظامیہ کم اخراجات میں معیاری طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پابند عہد ہے اسی طرح سی ٹی اسکیان کے لیے بھی مریضوں سے واجبی پیسے لیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیالوجی کو ہاسپٹل میں فروغ دینے کی تجویز زیر التواء تھی جس کو آج پورا کرلیا گیا ہے ۔ بچوں اور خواتین کے امراض کا علاج و معالجہ کے لیے ماہر ڈاکٹرس کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں اور مستقبل میں مزید بڑی تبدیلیوں کے ساتھ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔۔