بہارکے وزیراعلیٰ نتیش کمارنے دعویٰ کیا ہے کہ انتخابی پالیسی سازپرشانت کشورکوجنتا دل یونائیٹیڈ (جے ڈی یو) میں شامل کرنے کے لئے بی جے پی کے قومی صدرامت شاہ نے انہیں دوبارمشورہ دیا تھا۔ منگل کی شب اے بی پی نیوز کےپروگرام ‘شکھرسمیلن’ میں پرشانت کشورکواپنے سیاسی جانشین کے طورپردیکھنے سے متعلق سوال پرنتیش کمارنے یہ بات کہی۔
جے ڈی یوصدرنے کہا "وہ ہمارے لئے نئے نہیں ہیں۔ انہوں نے ہمارے ساتھ سال 2015 کے اسمبلی انتخابات میں کام کیا تھا۔ تھوڑے وقت کے لئے وہ کہیں اورمصروف تھے۔ برائے مہربانی مجھے بتانے دیں کہ امت شاہ نے دوبارمجھ سے انہیں (پرشانت کشور) کوجے ڈی یومیں شامل کرنے کوکہا تھا”۔
انہوں نے کہا کہ پرشانت کشورکوسماج کے تمام طبقات سے نوجوان صلاحیتوں کو سیاست کی طرف متوجہ کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔ سیاسی گھرانوں میں نہیں پیدا ہونے والے لوگوں سے پہنچ دورہوگئی ہے۔ نتیش نے کہا ‘مجھے پرشانت کشورسے بہت لگاو ہے، لیکن جانشین جیسی باتیں ہمیں نہیں کرنی چاہئے، یہ راج شاہی نہیں ہے’۔
واضح رہے کہ پرشانت کشورکوگزشتہ سال ستمبرمیں جے ڈی یومیں شامل کیا گیا تھا۔ اس کے کچھ ہفتے بعد ہی انہیں پارٹی کا قومی نائب صدربنادیا گیا تھا۔ اس سے قبل ایسی قیاس آرائیاں کی جانے لگیں کہ نتیش کمارانہیں اپنا سیاسی جانشین بنانے کے بارے میں غوروخوض کررہے ہیں۔