پرتعیش زندگی کی آرزو سافٹ ویر انجینئیر سارق بن گیا

موٹر گاڑیوں کی خریدی میں فرضی دستاویزات کا استعمال ، 34 گاڑیاں ضبط
حیدرآباد /16 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) پر تعیش زندگی کی چاہ نے ایک سافٹ ویر انجینئیر کو سارق و دھوکہ باز بنادیا ۔ 30 سالہ شیخ عمر عالیشاہ جو ایم سی اے کی تعلیم حاصل کرچکا ہے ۔ آئی بی ایم جیسی معروف کمپنی میں بحیثیت ایچ آر منیجر خدمات انجام دیتا تھا ۔ پولیس نے فرضی دستاویزات کے ذریعہ گاڑیوں کی ہیرا پھیری اور دھوکہ دہی کے معاملہ میں اسے گرفتار کرلیا جبکہ اس کے دو ساتھی سرینواس ریڈی اور راکیش کمار ریڈی مفرور بتائے گئے ہیں ۔ سنٹرل کرائم اسٹیشن سی سی ایس کی آٹو موبائیل ٹیم نے اس ٹولی کو بے نقاب کردیا اور عالیشاہ کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے 3 کروڑ مالیتی 34 گاڑیوں کو ضبط کرلیا ۔ اس خصوص میں ایڈیشنل کمشنر کرائم محترمہ سواتی کھرانے ایک پریس کانفرنس کے دوران گرفتار عالیشاہ کو میڈیا کے روبرو پیش کیا ۔ عالیشاہ مدینہ گورہ علاقہ کا ساکن تھا ۔ جس کا آبائی مقام مغربی گوداوری بتایا گیا ہے ۔ ایم سی اے تک تعلیم مکمل کرنے کے بعد عالیشاہ نے آئی بی ایم میں ملازمت اختیار کرلی اور وہ گاڑیاں منگواکر اس میں گھوما کرتا تھا ۔ اپنے قریبی جان پہچان کے افراد سے گاڑیاں حاصل کرتے ہوئے اسے کمیشن پر کرایہ پر روانہ کرنے کا کاروبار شروع کردیا ۔ اس دوران عالیشاہ بری عادتوں کا شکار ہوگیا جس نے سرینواس ریڈی اور راکیش کمار ریڈی کے ساتھ ملکر 7 کیاب نامی ایک سرویس کا آغاز کیا اور 6 ماہ یا ایک سال کی مدت پر گاڑیاں حاصل کرتے ہوئے مالکین کو اچھی قیمت ادا کرنے کی پیشکش کی ۔ پر تعیش زندگی کی چاہ نے اس سافٹ ویر انجینئیر کو دھوکہ باز اور جعساز بنادیا ۔ پولیس نے بتایا کہ مفرور سرینواس ریڈی اور راکیش کمار ریڈی کو بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا اور ان دونوں کے قبضہ سے مزید 18 گاڑیاں ضبط ہونا باقی ہے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈی ڈی مسٹر بال راجو و دیگر موجود تھے ۔