6 افراد گرفتار، پڑوسی اضلاع سے پولیس جمعیت روانہ
جئے پور 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے آج راجستھان کے ضلع پرتاب گڑھ میں فرقہ وارانہ جھڑپوں کے سلسلہ میں 6 افراد کو زیرحراست لے لیا۔ فرقہ وارانہ فسادات کے نتیجہ میں تاحال 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوچکے ہیں۔ جبکہ آج مسلسل دوسرے دن بھی فساد سے متاثرہ دیہات کوٹاڈی میں کرفیو برقرار ہے۔ 400 ملازمین پولیس کی مزید جمعیت اِس علاقہ میں تعینات کردی گئی ہے تاکہ نظم و قانون برقرار رکھا جاسکے اور صورتحال پر قابو پایا جاسکے۔ پولیس عہدیدار نے کہاکہ علاقہ میں صورتحال قابو میں ہے۔ تشدد کا کوئی تازہ واقعہ پیش نہیں آیا۔ 6 اشرار کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور دیگر ملزمین کو جن کی شناخت ہوچکی ہے، عنقریب گرفتار کرلیا جائے گا۔ منگل کی رات نوجوانوں کے دو گروپس کے درمیان جن کا تعلق مختلف فرقوں سے تھا ضلع پرتاب گڑھ کے دیہات کوٹاڈی میں زبانی تکرار کے بعد جھڑپوں کا آغاز ہوگیا تھا۔ تقریباً 20 جھونپڑیاں اور دوکانوں جن کی چھتیں بھوس کی تھیں نذر آتش کردی گئیں۔ کوٹاڈی دیہات میں اِس واقعہ کے بعد منگل کی رات کرفیو نافذ کردیا گیا
جو آج دوسرے دن بھی مسلسل نافذ ہے۔ ضلع کلکٹر رتن لاہوٹی نے کہاکہ واقعہ میں کوٹاڈی دیہات کا 20 سالہ راجہ خان، 50 سالہ بھنور سنگھ اور 25 سالہ دنیش دونوں متوطن موہیدا دیہات شدید زخمی ہونے کی وجہ سے زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ یہ زخم اُنھیں فسادات کے دوران آئے تھے۔ دیگر 6 افراد بھی زخمی ہیں اور اودے پور کے ہاسپٹل میں زیرعلاج ہیں۔ پولیس کے بموجب نعشیں کل شام اُن کے مکانوں کو روانہ کی جاچکی ہیں۔ آخری رسومات سخت حفاظتی انتظامات کے دوران آج انجام دی جائیں گی۔ دیہات کوٹاڈی میں کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے اور اُس کے بعد موہیدا دیہات تک بھی کشیدگی پھیل چکی ہے جو کوٹاڈی سے 10 کیلو میٹر کے فاصلہ پر ہے۔ یہ قریبی دیہاتوں ڈالوٹ اور سالم گڑھ میں بھی پھیل گیا ہے جہاں تین دوکانوں میں توڑ پھوڑ مچائی گئی اور ایک مکان کو ایک ہجوم نے نذر آتش کردیا۔ ریاستی حکومت نے ایک آئی پی ایس عہدیدار اور چند آر پی ایس عہدیدار ضلع پرتاب گڑھ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لئے روانہ کئے ہیں۔ پولیس فورس قریبی اضلاع سے فساد زدہ علاقوں کو روانہ کی گئی ہے۔
سادھو کے ہاتھوں پجاری کا قتل
متھرا ۔16 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) موضع شاہ پور میںواقع ایک مندر کے پجاری کو مبینہ طورپر ایک سادھو نے کلہاڑی سے ہلاک کردیا ۔ یہ دلدوز واقعہ کل رونما ہوا ۔ ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ آر کے گوتم نے کہا کہ ملزم بابا لال گیری کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اُس کے قبضہ سے کلہاڑی اور ایک لاٹھی بھی ضبط کی گئی ہے ۔ گیری مندر میں پوجا کیلئے گیا تھا جہاں پجاری پریال بابا جو حالت نشہ میں تھا ، نے اُسے گالیاں دیں۔