آئندہ سال تک مزید برقی سب اسٹیشنوں کا قیام ، وزیر برقی کا بیان
حیدرآباد ۔ 6۔ نومبر (سیاست نیوز) وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ پرانے شہر میں 24 گھنٹے برقی کی سربراہی کو یقینی بنایا جارہا ہے اور سربراہی میں کوئی کٹوتی نہیں کی جارہی ہے۔ وزیر برقی نے کہا کہ محکمہ برقی کی جانب سے پرانے شہر میں کسی بھی طرح کے لوڈ شیڈنگ نہیں ہے اور صرف ریپیرنگ کے کاموں کی صورت میں مختصر وقت کیلئے سربراہی میں خلل ہوسکتا ہے۔ قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر برقی نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ تین برسوں میں برقی کی سربراہی کو بہتر بنایا ہے جبکہ سابق میں شہر میں بھی برقی کٹوتی کی جاتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں 715 میگاواٹ برقی کی طلب ہے ، جس کی تکمیل کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پرانے شہر میں برقی کی طلب کو دیکھتے ہوئے 13 نئے سب اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ وزیر برقی نے بتایا کہ اگر کسی جنریشن یونٹ میں برقی کی پیداوار میں کمی آجائے تو دوسرے جنریشن یونٹ میں شہر کو برقی سربراہی کا انتظام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے پرانے شہر میں ٹرانسفارمر ریپیرنگ یونٹ کے قیام کے مطالبہ پر بتایا کہ مادنا پیٹ میں ریپیرنگ شیڈ کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ ٹرانسفارمرس کی ریپیرنگ صرف چند گھنٹوں میں مکمل کی جارہی ہے۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ ساؤتھ زون میں برقی کی موجودہ طلب کو پورا کرنے کیلئے الیکٹریکل نیٹ ورک سسٹم کافی ہے۔ مستقبل کی ضرورتوں اور بلا وقفہ برقی کی سربراہی جاری رکھنے کیلئے املی بن میں واقع 132 کے وی سب اسٹیشن کو 220 کے وی سب اسٹیشن میں اب گریڈ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد موسیٰ رام باغ علاقہ میں 132 کے وی سب اسٹیشن قائم کیا گیا ۔ اس کے علاوہ 33/11 کے وی کے 13 سب اسٹیشن قائم کئے گئے جو کلثوم پورہ ، لکشمی نگر ، الماس گوڑہ ، کاٹے دھن ، نادرگل ، گڈی ملکاپور ، شمس آباد ، آئی ٹی آئی ملے پلی ، ملک پیٹ ، ضیا گوڑہ ، تیگل گوڑہ ، گرین وچ اکیڈیمی اور اپر پلی میں واقع ہیں ۔ مالیاتی سال 2017-18 ء کے دوران دو نئے ای ایچ ٹی سب اسٹیشن اور سات 33/11 کے وی سب اسٹیشن قائم کئے جارہے ہیں جس پر 76.74 کروڑ کے مصارف عائد ہوں گے۔ یہ سب اسٹیشنس گورنمنٹ پرنٹنگ پریس چنچل گوڑہ ، پیٹلہ برج، دیوی باغ ، مادنا پیٹ ، اروندتی کالونی ، عزیز باغ ، چھتری ناکہ ، وٹی ناگولہ پلی اور راجندر نگر میں قائم کئے گئے ۔ چنچل گوڑہ اور پیٹلہ برج کے سب اسٹیشن ڈسمبر 2018 ء تک کارکرد ہوجائیں گے۔ دیوی باغ ، مادنا پیٹ اور اروندتی کالونی سب اسٹیشنوں کا کام آئندہ فروری تک مکمل کرلیا جائے گا۔ چھتری ناکہ ، راجندر نگر اور وٹی ناگولہ پلی سب اسٹیشنوں کے کام آئندہ سال مارچ تک مکمل ہوجائیں گے۔ قائد اپوزیشن محمد علی شبیر نے پرانے شہر میں انڈر گراؤنڈ کیبل ورک اور برقی کھمبوں کو باقاعدہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی توسیع کے بعد برقی کھمبوں کو درمیان میں ہی چھوڑ دیا گیا، اس کے علاوہ پرانے شہر میں برقی تاروں کا سسٹم غیر منظم ہے، جس سے عوامی زندگی کو خطرات لاحق ہورہے ہیں۔ انہوں نے سڑکوں کی توسیع کے موقع پر منظم انداز میں کھمبوں کی تنصیب اور انڈر گراؤنڈ کیبل کا کام جلد شروع کرنے پر زور دیا۔