پرانے شہر میں کندیکل گیٹ فلائی اوور کا آئندہ ماہ افتتاح

تعمیری کام تقریبا مکمل ۔ رنگ و روغن کی تکمیل کا انتظار ۔ کمشنر بلدیہ سومیش کمار کا ادعا
حیدرآباد 13 نومبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ کندیکل گیٹ میں زیرتعمیر فلائی اوور برج کا آئندہ ماہ کے دوسرے ہفتہ میں افتتاح عمل میں آئے گا۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ کندیکل گیٹ اپو گوڑہ میں برج کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے اور اِس کے افتتاح کیلئے دن اور تاریخ کا تعین کیا جانا باقی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ برج کی تعمیر کے بعد آہک پاشی و رنگ و روغن کے عمل کی تکمیل کا انتظار ہے جو آئندہ 15 تا 20 یوم میں مکمل کرلیا جائے گا۔ سومیش کمار نے بتایا کہ ٹولی چوکی میں زیرتعمیر فلائی اوور برج کی تکمیل کیلئے تلسنکرات تک کا وقت فراہم کیا گیا ہے اور مجلس حیدرآباد نے تلسنکرات کے موقع پر ٹولی چوکی فلائی اوور برج کا افتتاح کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ٹولی چوکی فلائی اوور کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اقدامات تیز تر کردیئے گئے ہیں اور جن جائیداد مالکین سے جائیداد کے حصول میں دشواریاں پیش آرہی تھیں اُن سے شخصی طور پر ملاقات کرکے اُنھیں ترقیاتی کاموں کیلئے جائیدادوں کی حوالگی کیلئے راضی کروالیا گیا ہے اور زائداز 12 جائیدادوں کے مالکین کو قیمت کے مطابق چیکس بھی حوالے کردیئے گئے ہیں۔ مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی میں خدمات انجام دے رہے 379 ایل ڈی سی اور 42 یو ڈی سی کو ترقیات فراہم کرنے کے احکام جاری کردیئے گئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ملازمین کی جانب سے متعدد مرتبہ اِس بات کی شکایات منظر عام پر آئی ہیں کہ خدمات کے دوران فوت ہونے والوں کو فوری طور پر امداد فراہم نہیں کی جاتی جس پر اُنھوں نے احکام جاری کرکے کہاکہ بلدی حدود میں کوئی بلدی ملازم اگر دوران خدمات فوت ہوتا ہے تو ایسی صورت میں بلدیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو متوفی ملازم کے مکان پہونچ کر ضروری اخراجات ادا کرنے ہونگے۔ اُنھوں نے کہاکہ متوفی ملازمین کے افراد خاندان کے تقررات کے سلسلہ میں عہدیداروں کی جانب سے کی جانے والی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔