کانگریس امیدوار کی حلقہ چارمینار سے کامیابی یقینی : علی مسقطی ، پیدل دوروں میں نوجوانوں کا جوش و خروش
حیدرآباد ۔ 27 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے امیدوار محمد غوث نے انہیں کامیاب بنانے پر پرانے شہر میں میٹرو ٹرین لانے دارالشفاء سے شاہ علی بنڈہ تک اراضیات سے محروم ہونے والے افراد کو دو گنی قیمت ادا کرانے کا وعدہ کیا ۔ تلگو دیشم کے نائب صدر ابراہیم بن علی مسقطی کے علاوہ سی پی آئی اور ٹی جے ایس کی جانب سے محمد غوث کی انتخابی مہم میں شمولیت کے بعد اسمبلی حلقہ چارمینار میں کانگریس کی انتخابی مہم میں شدت پیدا ہوگئی ہے ۔ کانگریس کے امیدوار محمد غوث آج کانگریس ، تلگو دیشم ، ٹی جے ایس اور سی پی آئی کے قائدین اور کارکنوں کے ساتھ کوٹلہ عالیجاہ ، منڈی میر عالم ، زہرا نگر ، دارالشفاء ، نور خاں بازار ، پرانی حویلی کے علاوہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔ جہاں کے عوام نے ان کا والہانہ خیر مقدم کیا اور تبدیلی لانے کے لیے اس مرتبہ کانگریس کو کامیاب بنانے کا تیقن دیا ۔ محمد غوث نے کہا کہ پیپلز فرنٹ میں شامل تمام جماعتوں کی تائید سے اسمبلی حلقہ چارمینار میں ان کا موقف انتہائی مستحکم ہوگیا ہے ۔ کانگریس کی حلیف جماعتیں ان کا بھر پور تعاون کررہی ہیں ۔ تلگو دیشم کے سینئیر قائد ابراہیم بن علی مسقطی کی تائید اور ان کے ساتھ پدیاترا میں شامل ہوجانے کے بعد ان کی کامیابی کا تناسب مزید بڑھ گیا ہے ۔ اس کے سامنے جماعت نے سینئیر امیدوار کو انتخابی میدان میں اتارنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے محمد غوث نے کہا کہ عوامی ناراضگی کو محسوس کرتے ہوئے مقامی جماعت نے انہیں یاقوت پورہ کے بجائے اسمبلی حلقہ چارمینار کا امیدوار بنایا ہے ۔ حلقہ کے عوام باشعور ہیں ابھی تک حلقہ کی ترقی نہ ہونے اور بنیادی مسائل حل نہ ہونے سے پریشان ہیں ۔ جماعت نے ان پر ناکارہ امیدوار کو زبردستی مسلط کردینے کی کوشش کی ہے ۔ جس سے عوام میں جماعت اور اس کے امیدوار کے لیے نفرت اور ان کی ( محمد غوث ) اور کانگریس کی ہمدردی میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔ محمد غوث نے کہا کہ کامیابی کے بعد ان کی سب سے اولین ترجیح ہوگی کہ حلقہ کے عوام کو میٹرو ٹرین کی سہولت فراہم کریں ۔ دارالشفاء سے شاہ علی بنڈہ تک میٹرو ٹرین کی زد میں جتنی بھی جائیدادیں آئیں گی وہ ان جائیدادوں کو دو گنی قیمت ادا کرائیں گے ۔ کانگریس کے زیر قیادت پیپلز فرنٹ کی حکومت قائم ہونے کے بعد پرانے شہر کی ترقی کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ ساتھ ہی اسمبلی حلقہ چارمینار کی ترقی پر خاص توجہ دی جائے گی ۔ چھوٹے چھوٹے کاروبار سے وابستہ غریب عوام کو چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ میں جو نقصان پہونچا ہے ان سے انصاف کرنے کی کوشش کریں گے ۔ اس کے لیے انہوں نے منصوبہ بھی تیار کرلیا ہے ۔ محمد غوث نے کہا کہ وہ بھی پرانے شہر سے تعلق رکھتے ہیں اور چھوٹی جماعت کے تمام سیاسی ہتھکنڈوں سے واقف ہے ۔ اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کا عزم کرتے ہوئے انتخابی میدان میں اترے ہیں ۔ جماعت کے کئی منتخب عوامی نمائندوں کا انہیں راست و بلراست تعاون حاصل ہورہا ہے ۔ 7 دسمبر کو جب رائے دہی ہوگی جماعت کے علاوہ سیاسی حلقوں کے لیے 11 دسمبر کو چونکا دینے والے نتائج برآمد ہوں گے ۔ کانگریس پارٹی نے اپنے منشور سے جو بھی وعدے کئے ہیں ان اسکیمات سے حلقہ چارمینار کے عوام کو فائدہ پہونچانے کی بھر پور کوشش کریں گے ۔