صدر تلنگانہ بی جے پی ڈاکٹر لکشمن کا میٹرو میں سفر، مسافروں سے ملاقات
حیدرآباد 24 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ ریاستی بی جے پی ڈاکٹر کے لکشمن نے پرانے شہر حیدرآباد میں میٹرو ریل کے کاموں کو فوری طور پر شروع کرنے کا حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ اور حکومت سے مطالبہ کیا اور کہاکہ ایم جی بی ایس (مہاتما گاندھی بس اسٹیشن) تا فلک نما میٹرو ریل کے کام انجام دیئے جانے پر پرانے شہر کے لاکھوں عوام کو فائدہ ہوگا۔ ڈاکٹر کے لکشمن نے کہاکہ عوام میٹرو ریل کے خواہشمند ہیں۔ اس کے باوجود حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کے عہدیدار اور حکومت پرانے شہر میں میٹرو ریل کے کام انجام دینے سے ٹال مٹول کی پالیسی اختیار کررہے ہیں۔ عوام کے مطالبہ کے باوجود ٹال مٹول کی پالیسی اختیار کرنے کی صورت میں بڑے پیمانے پر جدوجہد منظم کرنے کا سخت انتباہ دیا۔ ڈاکٹر لکشمن نے بتایا کہ انھوں نے آج تارناکہ تا امیرپیٹ میٹرو ریل میں سفر کیا۔ مسافروں سے ملاقات کی اور مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ مسافروں نے میٹرو ریل کے اضافہ کرایوں سے انہیں واقف کروایا۔ جس کے بعد انھوں نے میٹرو کرایوں میں تخفیف کے لئے مؤثر اقدامات کے ساتھ ساتھ میٹرو ریل اسٹیشنوں پر عوام کو مناسب پارکنگ کی سہولتیں فراہم کرنے پر اولین ترجیح دینے کا پرزور مطالبہ کیا۔