مسلمانوں کے بھیس میں عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ، ملی تنظیموں میں تشویش
حیدرآباد /9 مئی ( سیاست نیوز ) مسلمانوں کے بھیس میں مسلم علاقوں میں قادیانیوں کی سازش دن بہ دن زور پکڑتی جارہی ہے ۔ دیہی علاقوں کے علاوہ اب شہر کے سلم علاقہ قادیانی سازش کا شکار ہو رہے ہیں ۔ جہاں بھولے بھالے مسلمانوں کو قادیانی مسلمانوں کے بھیس میں گمراہ کرنے کی سازش کر رہے ہیں ۔ ایک ایسا ہی واقعہ آج کالے پتھر پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا جو شہر بھر میں بالخصوص ملی تنظیموں میں تشویش کا سبب بن گیا ۔ جہاں ایک قادیانی مسلم خواتین کو جمع کرتے ہوئے درس دے رہا تھا اور نماز جمعہ کی تیاری کر رہا تھا عین موقع پر علاقہ کے مسلم نوجوان اس جگہ پہونچ گئے اور اس قادیانی خودساختہ امام کو اپنی برہمی کا نشانہ بنایا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بشارت نگر کے علاقہ میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ علاقہ کے مسلم نوجوانوں کا کہنا ہے کہ وہ کافی دنوں سے اس مقام پر خود ساختہ قادیانی امام کی حرکتوں پر نظر رکھے ہوئے تھے جیسے ہی انہیں علم ہوا کہ یہ مسلمان ہونے کا دعوی کر رہا ہے اور مسلم خواتین کو گمراہ کر رہا ہے ۔ مسلم نوجوان برہم ہوگئے اور انہوں نے خود ساختہ امام کو اپنی برہمی کا نشانہ بنایا جیسے ہی واقعہ کی اطلاع پولیس کو ہوئی پولیس نے علاقہ میں سخت چوکسی اختیار کرلی اور پولیس پکٹ بٹھا دیا گیا ۔ انسپکٹر کالاپتھر محمد ماجد نے بتایا کہ عمران نامی شخص جو امام بتایا گیا ہے اس کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔ اطلاع پاکر سکریٹری ختم نبوت ٹرسٹ مولانا ارشد علی قاسمی نے نجم الدین زاہد کی نگرانی میں ایک وفد کو کالاپتھر کا دورہ کیا اور مسلمانوں سے درخواست کی کہ وہ اپنے مکانوں میں کرایہ دار اور علاقہ میں مقیم غیر مقامی افراد اور نئے افراد کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں ۔باوثوق ذرائع کے مطابق جس عمران نامی خود ساختہ امام کو مسلم نوجوانوں نے اپنی برہمی کا نشانہ بنایا وہ بشارت نگر کے علاقہ میں رہتا ہے اور اس کا تعلق اڑیسہ سے بتایا گیا ہے ۔