حیدرآباد۔19مئی(سیاست نیوز) نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمود علی نے سوچھ حیدرآباد مہم کے دوران پرانے شہر کے سنتوش نگر‘ سعید آباد‘ کرما گوڑہ‘ باغ جہاں آراء‘ نئی سڑک چنچلگوڑہ نئی ‘ جھٹ پٹ نگر‘ پھوگٹ نگر علاقوں کا بلدی ‘ برقی اور محکمہ آبرسانی عہدیداروں کے ہمراہ دورہ کیا اور مقامی عوام سے شکایت وصول کی۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ٹی آر ایس قائدین منور خان‘ اعظم علی خرم‘ کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں پارٹی کارکن بھی موجو دتھے۔جناب محمد محمود علی نے پرانے شہر کے مختلف علاقوں میں جاری صفائی مہم میں بھی حصہ لیا اور متعلقہ بلدی برقی اور آبرسانی عہدیداروں کو جنگی خطوط پر عوامی کو درپیش بنیادی مسائل کو حل کرنے کی ہدایت دی۔ جناب محمد محمود علی نے کہاکہ پانچ روزہ سوچھ حیدرآباد کے چار دنوں میں سوچھ حیدرآباد مہم کو زبردست عوامی تائید حاصل ہوئی ہے انہو ںنے کہاکہ ہندوستا ن کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیر اعلی تلنگانہ ریاست مسٹر کے چندرشیکھر رائو نے سوچھ حیدرآباد مہم کے ذریعہ عوامی نمائندوں کو عوام کے گھروں تک پہنچانے کاکام کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ جمہوری نظام میں سوچھ حیدرآباد جیساپروگرام حکومت تلنگانہ کا ایک تاریخ ساز فیصلہ ہے جس کی سماج کے ہر شعبہ سے ستائش کا سلسلہ جاری ہے۔جناب محمد محمو دعلی نے پرانے شہر کو مثالی علاقہ بنانے کے عزائم کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ پرانے شہر سے جیل اور ریس کورس کی لعنت کو ہٹاکر وہاں پر ہمہ منزلہ تعلیمی اداروں کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس میں معاشی طور پر پسماندہ بچوں کو مفت تعلیم اور رہائش کی سہولتیں فراہم کی جائیں گے۔جناب محمد محمو دعلی نے کہاکہ پرانے شہر کے بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لئے آئی ٹی پارک کا قیام عمل میں لاتے ہوئے انہیں روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ جناب محمد محمو دعلی نے کہاکہ حکومت تلنگانہ ریاست کے تمام طبقات او رقومو ںکی یکساں ترقی کو یقینی بناتے ہوئے تلنگانہ کو ہندوستان کی مثالی اور سب سے ترقی یافتہ ریاست کا درجہ فراہم کرنے کاکام کررہی ہے۔ انہو ں نے عوام سے حکومت تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات اور پروگرامس سے فائدہ اٹھانے کی بھی اپیل کی۔