پرانے شہر میں سربراہی آب میں لاپرواہی

پانی کے کم پریشر کی شکایت، حصول آب کیلئے عوام کی دوڑ دھوپ

حیدرآباد۔یکم۔اپریل(سیاست نیوز) موسم گرما کے دوران زیر زمین پانی کی سطح میں کمی کی شکایت کے ساتھ ساتھ پرانے شہر کے علاقوں نواب صاحب کنٹہ‘ وٹے پلی اور دیگر اونچے رہائشی علاقو ں میں شہریوں کو پینے کے پانی کی سربراہی میں مشکلات پیش آنے لگی ہیں اور شہریو ںکی جانب سے اس بات کی شکایت عام ہوتی جا رہی ہے کہ ان کے علاقوں میں محکمہ آبرسانی کی جانب سے فراہم کیا جانے والے پینے کے پانی کی مقدار میں تخفیف کی جانے لگی ہے اور پینے کے پانی کے پریشر میں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔ محکمہ آبرسانی کے عہدیدارو ںکا کہناہے کہ اونچے علاقوں کے بیشتر مکینوں کی جانب سے پانی کے پریشر میں اضافہ کے لئے پانی کی موٹر کے استعمال کے باعث پریشر میں کمی واقع ہورہی ہے جبکہ عوام کا کہنا ہے کہ پانی کے پریشر میں کمی کے باعث وہ موٹر لگانے پر مجبور ہیں۔ پرانے شہر کے اونچے پہاڑی علاقوں میں پانی کے مسائل نئے نہیں ہیں لیکن ان کے ان مسائل کے حل کیلئے فوری طور پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان اونچے پہاڑی علاقو ں میں محکمہ آبرسانی کی جانب سے ٹینکر کے ذریعہ پانی کی سربراہی کے امکانات بھی نہ ہونے کے سبب اونچے علاقوں کی غریب بستیوں میں رہنے والے عوام کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پرانے شہر کے ان اونچے علاقوں کے علاوہ پرانے شہر کے بعض دیگر علاقو ںمیں پینے کے پانی کی سربراہی میں ہونے والے مسائل کو دور کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے متعلق عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جن پراجکٹس کو منظوری حاصل ہوچکی ہے ان پراجکٹس پر کام چل رہا ہے اور اس کے علاوہ دیگر تجاویز بالخصوص حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے متعلق محکمہ کو موصول ہونے والی تجاویز کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ بجٹ کا انتظار ہے اور بجٹ موصول ہوتے ہی ان تجاویز کو منظوری فراہم کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا آغاز کردیا جائے گا۔ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ اور بہادر پورہ کے کئی علاقو ںمیں پینے کے پانی کی سربراہی کو بہتر بنانے کے اقدامات کے سلسلہ میں تیار کردہ پراجکٹس اب تک بھی زیر التواء ہیں اور ان پراجکٹس کے لئے بجٹ درکار ہے۔ حلقہ اسمبلی بہادر پورہ میں جو اونچے علاقہ موجود ہیں ان علاقو ںکے عوام گذشتہ کئی برسوں سے پینے کے پانی کی سربراہی کو بہتر بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن ان کے مطالبات کو نظرانداز کرنے کی پالیسی اختیار کی گئی ہے جس کے سبب پانی کی موٹر کا استعمال کرتے ہوئے پانی حاصل کرنا پڑ رہا ہے۔