پرانے شہر میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ، تمام تر سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان

اعظم پورہ میں ’سوچھ حیدرآباد‘ پروگرام، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی صفائی مہم، عوام کی مرکز توجہ
حیدرآباد۔17 مئی (سیاست نیوز)پرانے شہر میںسوچھ حیدرآباد مہم کے دوسرے دن بھی ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمودعلی نے بلدی ‘برقی‘ اور محکمہ آبرسانی عہدیداروں کے ہمراہ اعظم پورہ ڈویثرن کے مختلف محلوں کودورہ کرتے ہوئے عوامی مسائل کا جائزہ لیا اور مسائل کے حل کا عوام کو یقین دلایا۔زونل کمشنر بلدیہ گریٹر حیدرآباد سبرامنیم ریڈی کے علاوہ محکمہ آبرسانی کے عہدیدار ظہور الدین اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جناب محمد محمود علی نے اعظم پورہ کی سلم بستیوں کے علاوہ ریلوے لائن سے متصل علاقوں میں کچرے کی صفائی اور تعمیری کاموں میں بھی بلدی عملے کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی تاریخ میںپہلی مرتبہ تلنگانہ ریاست کے سربراہ مسٹر کے چندرشیکھر رائو نے عوامی نمائندوں اور عوام کے درمیان کے فرق کوختم کرنے کے لئے سوچھ حیدرآباد جیسے پروگرام کا اعلان کیاہے۔ سوچھ حیدرآباد پروگرام کا بنیاد مقصد عوامی نمائندوں اور عوام کے درمیان رابطہ قائم کرنا ہے جس کے ذریعہ مقامی عوام کو درپیش بنیادی مسائل کو حل کیا جاسکے۔جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ پرانے شہر میں جہاں پر بنیاد ی سہولتوں کا فقدان ہے وہا ں پر بلدی برقی اور آبرسانی عہدیداروں کے ہمراہ حکومت کے نمائندے عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کریں گے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اعظم پورہ کے علاوہ پرانے شہر کی سلم بستیوں میںبھی بنیادی سہولتیں ندارد ہیں۔ انہو ںنے اعظم پورہ مرکز کے دورے کے موقع مرکز کے مقام پر ہمہ منزلہ عمارت تعمیر کرنے کا وعدہ جس کا ہر فلیٹ دو بیڈروم پر مشتمل رہے گا اس کے علاوہ وہا ں پر تمام بنیادی سہولتیں بھی حکومت تلنگانہ کی جانب سے فراہم کی جائیں گے۔ اس کے علاوہ انہو ںنے گریٹر حیدرآباد کے تمام سلم بستیوں کو ترقی یافتہ بنانے کے متعلق بھی حکومت تلنگانہ کے فیصلوں کا اس موقع پر ذکر کیا۔انہوں نے کہاکہ سلم علاقوں سے پاک شہر‘ سنگل فری چوراہے ‘ کشادہ سڑکیں‘ صاف ستھرا ماحول ‘ بالخصوص پرانے شہر کو نئے شہر کے طرز پر ترقی فراہم کرنے کا حکومت تلنگانہ کی اولین ترجیح ہے۔ جناب محمد محمود علی نے کہاکہ چار روزہ سوچھ حیدرآباد مہم کے دوران عوام سے حاصل کی گئی شکایتوں کا جائزہ لینے کے بعد خصوصی بجٹ کے ذریعہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کو یقینی بنانے کاکام کیاجائے گا۔ انہو ںنے شہر حیدرآباد کی عوام بالخصوص پرانے شہر کے لوگوں سے حکومت تلنگانہ کے سوچھ حیدرآباد پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں اور قائدین سے بھی سوچھ حیدرآباد پروگرام سے استفادہ کرتے ہوئے عوامی مسائل کو حل کرنے میں عوام کے ساتھ جڑجائیں۔جناب اعظم علی خرم ‘ خواجہ عارف الدین کے علاوہ ٹی آر ایس پارٹی کے دیگر قائدین بھی اس موقع پر موجو دتھے۔