سحری کے اوقات میں خاص طور پر کٹوتی کا سلسلہ جاری ۔ بعض علاقوں میں افطار اور تراویح کے اوقات میں بھی تاریکی
حیدرآباد۔30مئی (سیاست نیوز) پرانے شہر کے برقی مسائل کو حل کرنے کے لئے محکمہ برقی بالخصوص تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن لمیٹیڈ کے اعلی عہدیداروں کو بھی کوئی دلچسپی نہیں ہے جس کے سبب پرانے شہر کے عوام رات دیر گئے برقی سربراہی منقطع ہونے کے مسائل برداشت کرنے اور سحر کی تیاری اور سحر اندھیرے میں کرنے پر مجبور ہیں لیکن اس کی کوئی پرواہ محکمہ برقی کے عہدیداروں کو نہیں ہے بلکہ وہ ان شکایات کو نظر انداز کرتے ہوئے عوام کو مشکل میں مبتلاء کررہے ہیں۔ جنگم میٹ‘ انجن باؤلی‘ فلک نما‘ قادری چمن کے علاوہ دیگر علاقوں چنچل گوڑہ‘ ملک پیٹ‘ عیدی بازار‘ اکبر باغ‘ شاہ علی بنڈہ‘ مغلپورہ ‘ یاقوت پورہ ‘ تالاب کٹہ اور دیگر علاقوں سے روزانہ اس بات کی شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ رات کو عبادتوں کے دوران اور سحر کے وقت خاص طور پر برقی سربراہی منقطع کی جا رہی ہے۔ پرانے شہر کے عوام کا کہنا ہے کہ وہ اس طرح سحر و افطار کے علاوہ تراویح کے اوقات کار میں برقی سربراہی منقطع ہونے پر شبہات میں مبتلاء ہونے لگے ہیں کہ کہیں محکمہ برقی میں کوئی ایسے عہدیداروں کو اعلی عہدے حاصل نہیں ہو گئے ہیں جو عمداً ایسے اوقات میں برقی سربراہی منقطع کروا رہے ہیں جب مسلمانوں کی عبادتوں کے اوقات ہوتے ہیں۔ماہ رمضان المبارک کے دوران محکمہ برقی کی جانب سے معیاری اور بلا وقفہ برقی سربراہی کا وعدہ کیاگیا تھا لیکن محکمہ کی جانب سے وعدہ پر عمل آوری تو نہیں کی جا رہی ہے لیکن مخصوص اوقات میں برقی سربراہی منقطع کئے جانے کے سبب مسلمانوں میں بے چینی کی کیفیت پیدا ہونے لگی ۔ صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن لمیٹیڈ مسٹر رگھوما ریڈی سے اس سلسلہ میں بات کرنے کے لئے متعدد مرتبہ کوشش کئے جانے کے باوجود ایسا ممکن نہیں ہوسکا۔ محکمہ برقی کے عہدیدار یہ تصور کر رہے ہیں کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران شہر میں برقی کی حالت کچھ ہو اگر مکہ مسجد میں تراویح کے دوران برقی سربراہی میں کوئی خلل نہ پڑے تو کافی ہوگا۔ جناب مرزا علیم بیگ ساکن جنگم میٹ نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ کے کئی علاقو ںمیں برقی سربراہی کا مسئلہ پید ا ہو رہا ہے لیکن ان کے اس مسئلہ کو عہدیداروں سے رجوع کرتے ہوئے حل کروانے کے کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں بلکہ مخصوص اوقات میں برقی سربراہی منقطع کئے جانے کے سبب محکمہ برقی کے عہدیداروں کو متعصب تصور کیا جانے لگا ہے جو کہ کسی بھی محکمہ کیلئے اچھی بات نہیں ہے۔ جناب امجد اللہ خان سابق کارپوریٹر و ترجمان مجلس بچاؤ تحریک نے ملک پیٹ علاقہ میں برقی سربراہی منقطع ہونے کے واقعات میں ہونے والے اضافہ کے باوجود منتخبہ نمائندوں کی خاموشی کو معنی خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان المبار ک کے دوران سحر کے وقت برقی سربراہی سے جو تکالیف عوام برداشت کر رہے ہیں اس کا اندازہ ان مکانات میں رہنے والوں کو ہی ہوتا ہے جن کے پاس جنریٹر یا انورٹر نہیں ہیں لیکن محکمہ برقی کے عہدیدار ان تکالیف کو محسوس کرنے کے بجائے عوام کو مشکلات میں مبتلاء کرتے ہوئے خود آرام کی نیند سو رہے ہیں۔ پرانے شہر کے کئی علاقوں سے موصول ہونے والی شکایات سحر اور فجر کے درمیان کی ہیں یا پھر افطار سے تراویح کے درمیان برقی منقطع کئے جانے کی شکایت کی جا رہی ہے۔
ے ۔