پرانے شہر میں ایل ای ڈی لائٹس کا کام ادھورا

اسٹریٹ لائیٹس کو تبدیل کرنے حکومت کے نئے منصوبہ کی عاجلانہ تکمیل ضروری

حیدرآباد 2 مارچ (سیاست نیوز) پرانے شہر میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے اسٹریٹ لائٹس کو تبدیل کرتے ہوئے ایل ای ڈی لائٹس لگانے کا فیصلہ کیا تھا اور اس سلسلہ میں پائلیٹ پراجکٹ شروع کرتے ہوئے گزشتہ برس کے اوائل میں چند اہم مقامات پر ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب عمل میں لائی گئی تھی لیکن اِس پراجکٹ کو مکمل نہیں کیا گیا بلکہ درمیان میں ہی پراجکٹ ترک کردیئے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ حکومت کی جانب سے اب جبکہ اسٹریٹ لائٹس کو ایل ای ڈی لائٹس سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے تو ایسی صورت میں فوری طور پر پرانے شہر کے ادھورا چھوڑے گئے پراجکٹ کو مکمل کرتے ہوئے ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب عمل میں لائے جانے کی ضرورت ہے۔ اسی طرح پرانے شہر کے رہائشی علاقوں میں بھی موجود اسٹریٹ لائٹس کو ایل ای ڈی لائٹس سے تبدیل کئے جانے کی صورت میں رہائشی علاقوں کی روشنی میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے اور ایل ای ڈی لائیٹ کے استعمال کے رجحان کو بھی فروغ دیا جاسکتا ہے۔ سال گزشتہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے افضل گنج، مدینہ بلڈنگ، چارمینار، شاہ علی بنڈہ کے علاقوں میں ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب عمل میں لائی گئی تھی اور کامیاب تجربہ کے باوجود درمیان میں ہی پراجکٹ کو ادھورا چھوڑ دیا گیا تھا۔ عوام کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں افضل گنج کے اطراف کے علاوہ ہائیکورٹ روڈ، دارالشفاء، سالار جنگ میوزیم سڑک پر بھی اسٹریٹ لائٹس کے انتظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ چونکہ ہائیکورٹ سے افضل گنج آنے والی سڑک کے علاوہ سالار جنگ میوزیم سے دارالشفاء جانے والی سڑک پر بھی بہتر روشنی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ علاقہ کے تاجرین کا بھی کہنا ہے کہ چارمینار کے اطراف و اکناف علاقوں میں اسٹریٹ لائٹس کو ایل ای ڈی سے تبدیل کرنے کے فیصلہ کو عملی جامہ پہنایا جانا ضروری ہے۔ چونکہ یہ پراجکٹ شروع ہوئے کافی عرصہ گزر چکا ہے لیکن اب تک تکمیل کو نہیں پہنچ پایا۔