حکومت سے ترقی کے دعوے گمراہ کن ، ایرکنڈیشن آر ٹی سی بس خدمات کی بھی سہولت نہیں
حیدرآباد۔4جنوری(سیاست نیوز) پرانے شہر میں میٹرو ٹرین نہیں‘ پرانے شہر میں معیاری بنیادی سہولتیں نہیں ہیں‘ پرانے شہر میں سڑکوں کی توسیع نہیں ہوتی اور پرانے شہر میں کچرے کی روزانہ کے اساس پر نکاسی کے اقدامات نہیں کئے جاتے یہ شکایتیں عام ہیں لیکن اس کے باوجود بھی پرانے شہر کی ترقی کے دعوے کئے جاتے رہے ہیں۔ حیدرآباد کے پرانے شہر میں جہاں تاریخی و تہذیبی عمارتیں ہیں اور شہر حیدرآباد آنے والے سیاح چارمینار‘ مکہ مسجد اور فلک نما پیالس و چومحلہ پیالس جیسی عظیم الشان عمارتوں کے مشاہدہ کیلئے پہنچتے ہیں۔ پرانا شہر سے حکومت کو کافی آمدنی ہے لیکن اس کے باوجود پرانے شہر کو ترقی کے معاملہ میں نظر انداز کیا جانا نئی بات نہیں ہے۔ شہر حیدرآباد میں محکمہ آر ٹی سی کی جانب سے ائیر کنڈیشن بسوں کو روشناس کروائے گئے برسوں گذر چکے ہیں لیکن آج تک بھی پرانے شہر میں کوئی ائیر کنڈیشن بس کی سہولت نہیں ہے جو کہ پرانے شہر کے عوام کو دوسرے درجہ کے شہری شمار کئے جانے کی طرح ہے۔ شہر حیدرآباد میں آر ٹی سی کی ائیر کنڈیشن بس خدمات کے سلسلہ میں محکمہ آر ٹی سی کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ اس سہولت سے طویل مسافت کے مسافرین استفادہ کر رہے ہیں اور اس سے آرٹی سی کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے لیکن اس کے باوجود پرانے شہر سے یہ سہولت تاحال شروع نہیں کی گئی جبکہ آر ٹی سی کی ائیر کنڈیشن بس خدمات سے استفادہ کرنے والوں میں پرانے شہر کے مسافرین کی بھی بڑی تعداد ہے جو پرانے شہر سے عابڈس یا افضل گنج تک آر ٹی سی خدمات کا استفادہ کرتے ہوئے پہنچتے ہیں اور ان مقامات سے ائیر کنڈیشن بس میں سوار ہوتے ہیں۔ایسے بس مسافرین جو کہ پرانے شہرسے تعلق رکھتے ہوئے ائیر کنڈیشن بس کا استعمال کرتے ہیں ان کا کہناہے کہ محکمہ کو متعدد مرتبہ اس سلسلہ میں متوجہ کروایا گیا ہے لیکن اس کے باوجود کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ محکمہ آر ٹی سی کی جانب سے پرانے شہر میں ائیر کنڈیشن بس خدمات شروع کی جاتی ہیں تو ایسی صورت میں سالار جنگ میوزیم‘ مکہ مسجد اور چارمینار کی سیاحت کیلئے پہنچنے والوں کو بھی سہولت حاصل ہوگی ۔ محکمہ آر ٹی سی کے خیال میں پرانے شہر کے عوام ائیر کنڈیشن بس خدمات کا استعمال نہیں کرتے جبکہ ان کا یہ خیال درست نہیں ہے کیونکہ اگر حالیہ عرصہ میں اوبر اور اولاکی ٹیکسی خدمات کا مشاہدہ کیا جائے تو پرانے شہر کے کئی علاقو ںمیں ٹیکسی کی سہولت سے استفادہ کرنے والوں کی بڑی تعداد ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ شہر کے اس خطہ میں ائیر کنڈیشن بس خدمات کے عدم آغاز کے سلسلہ میں محکمہ آر ٹی سی کے عہدیداروں کی جانب سے یہ دلیل بھی دی جاتی ہے کہ پرانے شہر کی سڑکیں چھوٹی ہونے کے باعث وہ ائیر کنڈیشن بس خدمات کی شروعات سے قاصر ہیں جبکہ محکمہ آر ٹی سی اگر چاہے تو کم از کم ان سڑکوں پر ائیر کنڈیشن بس خدمات کی شروعات کرسکتا ہے جن سڑکوں کی توسیع ہوچکی ہے ۔ ائیر کنڈیشن بس مسافرین جو پرانے شہر سے تعلق رکھتے ہیں ان کا کہناہے کہ اگر ائیر کنڈیشن بس خدمات کی پرانے شہر میں شروعات کے سلسلہ میں مؤثر نمائندگی کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں پرانے شہرکے عوام اور سیاحوں کو سہولت حاصل ہوگی ۔