پرانا شہر کی ترقی کیلئے عنقریب خصوصی پیاکیج

چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کا آئندہ ہفتہ دورہ پرانا شہر ، کمزور طبقات کیلئے مکانات کی تعمیر
حیدرآباد یکم فبروری (آئی این این) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو آئندہ ہفتہ حیدرآباد کے پرانا شہر کا دورہ کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر پرانا شہر کے بعض سلم علاقوں کا دورہ کرسکتے ہیں اور وہ پرانا شہر کی ترقی کیلئے ایک خصوصی پیاکیج کا بھی اعلان کریں گے ۔ ریاستی حکومت کو پرانا شہر کے مختلف علاقوں سے کئی نمائندگیاں وصول ہوئی ہیں۔ کمزور طبقات امکنہ اسکیم کے تحت مکانات کی تعمیر کیلئے نمائندگی کی گئی ہے لہذا چیف منسٹر پرانے شہر کے غریبوں کیلئے مکانات کی سہولت فراہم کرنے کی علحدہ اسکیم کا اعلان کریں گے ۔ اس دورہ کے دوران چیف منسٹر شادی مبارک اسکیم کے تحت مستحقین میں چیک تقسیم کریں گے ۔ ٹی آر ایس کے سینئر لیڈر رشید شریف کے مطابق جو حیدرآباد میں حلقہ لوک سبھا کے انچارج بھی ہے کہا کہ ٹی آر ایس کے مقامی قائدین نے چیف منسٹر کو پرانا شہر کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے ۔ تاہم ان کے مصروف ترین شیڈول کے باعث اس دورہ میں تاخیر ہوئی ۔ چیف منسٹر کا یہ دورہ مقررہ نہیں ہوسکتا لیکن چیف منسٹر آئندہ پرانا شہر دورہ کرنے کی توقع ہے ۔ چیف منسٹر کی جانب سے ہزاروں عمر رسیدہ افراد ،بیواوں اور معذورین کیلئے وظائف تقسیم کئے جائیں گے ۔ شادی مبارک اسکیم کے تحت 3 ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہے ۔ ہر غریب مسلم لڑکی کو شادی کیلئے فی کس 51 ہزار روپئے دیئے جائیں گے ۔ ٹی آر ایس ورکرس نے مستحقین تک حکومت کی اسکیمات پہنچانے کیلئے کام کررہے ہیں ۔ ٹی آر ایس قائدین چیف منسٹر کے دورہ کے دوران پرانا شہر کی ترقی کیلئے تجاویز بھی پیش کریں گے ۔ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو ایک رجسٹر سوسائٹی سے باقاعدہ تنظیم اور مکمل اختیارات والی اتھاریٹی بنانے کا بھی مطالبہ کریں گے اور اسے خاطر خواہ بجٹ دینے پر زور دیں گے ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے 2800کنٹراکٹ ملازمین کو باقاعدہ بنانے پر بھی زور دیا جائے گا ۔ ان ملازمین کی اکثریتی تعداد پرانا شہر سے تعلق رکھتی ہے ۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کو ایک یادداشت بھی پیش کی گئی ہے ۔ چیف منسٹر کے دورہ پرانے شہر کے لئے ٹی آر ایس قائدین انتظامات کررہے ہیں جبکہ عہدیدار مختلف پراجکٹس پر تفصیلات اکھٹا کررہے ہیں ۔ جن میں چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ ،موسی ندی کو صاف ستھرا بنانے اور دیگر پراجکٹ پر بھی توجہ دی جارہی ہے ۔ لاء اینڈ آرڈر صورتحال اور جرائم کی نوعیت پر بھی پولیس عہدیداروں سے چیف منسٹر تبادلہ خیال کریں گے ۔ ساوتھ زون پولیس نے حال ہی میں پرانا شہر کے تقریبا 200 نوجوانوں کی روڈی شیٹ بند کردی ہے ۔