پرانا شہر میں 83 کروڑ روپئے کے ترقیاتی کاموں کا آغاز

وزیر بلدی نظم و نسق کے ہاتھوں کشن باغ پارک کا افتتاح، بہادر پورہ فلائی اوور کا سنگ بنیاد، پرانا پل اور دیگر علاقوں کا دورہ

حیدرآباد۔/20جون، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے آج پرانے شہر میں 83کروڑر وپئے کے ترقیاتی و تعمیراتی پروگراموں کا افتتاح کیا۔ انہوں نے 6.20 کروڑ روپئے کے مصارف سے قائم کردہ کشن باغ پارک کا افتتاح کیا۔ بہادر پورہ فلائی اوور کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ کے ٹی آر نے آج پرانے شہر کا طوفانی دورہ کرتے ہوئے مختلف ترقیاتی و تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ ان پروگراموں میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ،حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی، ارکان اسمبلی معظم خان، احمد پاشاہ قادری، میئر حیدرآباد بی رام موہن ، پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار، کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر 8کروڑ روپئے کے مصارف سے شاہ علی بنڈہ سگنل تا موسی باؤلی جنکشن، سٹی کالج جنکشن تا پرانا پلی تعمیر ہونے والے بی ٹی روڈ کے کاموں کا پرانا پل پر آغاز کیا۔3070 میٹر طویل سڑک کی تعمیر سے پرانے شہر میں چلائے جانے والی گاڑیوں اور عوام کو سہولت ہوگی۔ 6.20 کروڑ روپئے کے مصارف سے قائم کردہ کشن باغ پارک کا بھی افتتاح کیا ۔ اس پارک میں عوام کی سہولت کیلئے کیفٹریا، بیٹھنے کیلئے گیلری، واک وے کے علاوہ دوسری سہولتیں بھی فراہم کی گئی۔ اس کے علاوہ ایس آر ڈی پی پراجکٹ کے تحت 69 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر کئے جانے والے بہادر پورہ فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس فلائی اوور کی تعمیر سے پرانا پل تا زو پارک جانے والے راستے میں 90 فیصد ٹریفک مسائل حل ہوجائیں گے۔2019 تک یہ فلائی اوور تعمیر ہوجائیگا اور 2034 تک اس فلائی اوور سے کوئی ٹریفک مسائل پیدا نہیں ہوں گے۔