پرامن دور میں فوجیوں کی اموات ، مرکز پر شیوسینا کی تنقید

گجرات میں ترقی اور وادی کشمیر میں معمول کے حالات بحال ہونے کے دعوے بے بنیاد ، شیوسینا کے ترجمان ’’سامنا ‘‘ میں اداریہ
ممبئی ۔26 ڈسمبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) شیوسینا نے آج نریندر مودی زیرقیادت حکومت پر اپنے ان دعوؤں کے لئے کے گجرات میں ترقی ہورہی ہے اور مبینہ طورپر مرکزی حکومت ملک کی سرحدات پر جھڑپوں میں فوجیوں کی ہلاکت کے انسداد میں ناکام رہی ہے ، سخت تنقید کی ۔ جموں و کشمیر میں معمول کے حالات بحال ہونے کی باتوں کو ’’جھوٹی‘‘ قرار دیا ۔ بی جے پی کی ناراض حلیف سیاسی پارٹی نے کہا کہ ’’پرامن دور میں ‘‘ فوجیوں کی ہلاکت سے عکاسی ہوتی ہے کہ حکومت کی کارکردگی انتہائی ناقص ہے ۔ ہفتہ کے دن پاکستانی فوجیوں نے ہندوستانی طلایہ گرد فوجی پارٹی پر فائرنگ کردی تھی جس سے ایک میجر اور تین فوجی خطِ قبضہ پر کیری سیکٹر ضلع راجوری ریاست جموںو کشمیر میں ہلاک ہوگئے تھے ۔ پرامن دور میں اگر کوئی فوجی ہلاک ہوتا ہے تو اس سے حکومت کی ناقص کارکردگی ظاہر ہوتی ہے ۔ جموں میں پرامن دور میں شہادت گزشتہ 30 سال سے جاری ہے اور ہم نے توقع رکھی تھی کہ اُس کا انسداد ہوجائے گا جبکہ موجودہ حکومت برسراقتدار آئی تھی ۔ شیوسینا کے ترجمان سامنا میں ایک اداریہ شائع کیا گیا ہے جس میں کہا گیاہے کہ جب پاکستان جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور ہندوستانی فوجیوں کی ہلاکت میں ملوث تھا تو وزیراعظم اور پوری کابینہ گجرات کی انتخابی مہم میں مصروف تھی ۔ گجرات انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے آپ نے کئی رعایتیں سورت کے تاجر طبقہ کو جی ایس ٹی میں فراہم کیں ، لیکن فوجیوں کی زندگی کے تحفظ کے لئے کیا کیا گیا ؟ سامنا نے جاننا چاہا ۔ وادی کشمیر میں معمول کے حالات بحال ہونے کا دعویٰ جھوٹا ہے گجرات میں ترقی بند ہوچکی ہے جبکہ امن اور معمول کے حالات وادی کشمیر میں باقی نہیں ہے ۔ کوئی بھی کشمیری نوجوانوں کے سنگباری ترک کردینے کے سرکاری دعویٰ کو اُسی وقت قبول کرسکتا ہے جبکہ خبروں میں فوج وملک کے خلاف ہتھیار اُٹھالینے کی خبریں نہ آئیں جو پریشان کن ہیں۔ گجرات اسمبلی انتخابات کے بعد فتح کا نشان دکھانا دلیری اور حب الوطنی نہیں ہے ۔ اُس وقت مہلوک فوجیوں کی چتائیں نذر آتش کی جارہیں تھیں جبکہ گجرات میں انتخابی مہم جاری تھی ۔ حکومت پہلے احتجاج کرنے والے تاجر طبقہ کی طرف جھکتی ہے ۔ کیا کسی کو فوجیوں کی ہلاکت کے انسداد کی فکر ہے ۔ گجرات اور ہماچل پردیش میں کامیابی حاصل ہوچکی ہے لیکن سرحد پر فوجی جوان شہید بھی ہوچکے ہیں ۔ اگلا الیکشن کب ہے ؟ شیوسینا بی جے پی کی نہ صرف مرکزی حکومت میں بلکہ ریاستی مہاراشٹرا حکومت میں بھی شامل ہے۔ تاہم کلیدی حلیف بی جے پی پر اس کی تنقیدیں مسلسل جاری ہیں۔