نوڈل ایجنسی کے ذریعہ جائزہ ، ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسر دانا کشور کا انتخابی عہدیداروں سے خطاب
حیدرآباد۔8اکٹوبر(سیاست نیوز) سیاسی جماعتوں اور قائدین کو عوام کے درمیان پہنچنے اور ان سے ملاقات کے لئے پدیاترا یا جلسوں و جلوس کے لئے قبل ازوقت ضلع الکٹورل آفیسر اور ریٹرننگ آفیسر سے اجاز ت حاصل کرنی ہوگی اور اس اجازت کے حصول کے لئے 48 گھنٹے قبل درخواست داخل کرنا ناگزیرہوگا کیونکہ ان درخواستوں کا حلقہ جات اسمبلی کی سطح پر تشکیل دی گئی نوڈل ایجنسی کے ذریعہ جائزہ لیا جائے گا۔ ضلع الکٹورل آفیسر مسٹر دانا کشور نے آج انتخابی عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے دوران بتایا کہ سیاسی جماعتوں کے قائدین کی تصاویر پر مشتمل پوسٹرس ‘ بیانرس اور فلیکس کو فوری نکالنے کے اقدامات کئے جائیں اور کسی بھی سرکاری عمارت پر یہ پوسٹرس اور بیانرس نہیں ہونے چاہئے ۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں انتخابات کے عمل کو شفاف بنانے کے لئے کئے شروع کئے گئے اقدامات کے دوران دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں موجود 80 فیصد سرکاری عمارتوں و املاک پر آویزاں کئے گئے پوسٹرس و بیانرس کو ہٹا دیا گیا ہے اور آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ضلع حیدرآباد کے حدود میں موجود تمام بیانرس و پوسٹرس کو ہٹا دیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلامیہ کی اجرائی کے فوری بعد انتخابی عہدیداروں کو متحرک کردیا ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کو یقینی بنائیں اور ہر حلقہ اسمبلی میں سیاسی جماعتوں کی کارکردگی اور انتخابی سرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھیں۔ مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ ہر حلقہ اسمبلی کے ریٹرننگ آفیسر کو اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فلائنگ اسکواڈ کی تشکیل کو یقینی بنائیں اور ہر حلقہ اسمبلی میں 3ویڈیو گرافرمامور کریں تاکہ ان ویڈیو گرافرس کے ذریعہ سیاسی قائدین کی سرگرمیوں کو ریکارڈ کیا جاسکے اور اس کے علاوہ ان کی جانب سے دئے جانے والے بیانات کا ریکارڈ بھی الیکشن کمیشن کے پاس موجود رہے۔ ضلع الکٹورل آفیسر و کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں سیاسی سرگرمیوں کی انجام دہی کیلئے اجازت کا لزوم انتخابی قوانین اور ضابطہ اخلاق کا حصہ ہیںاور ان پر عمل آوری کو یقینی بنانا سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے اگر کسی بھی سیاسی جماعت یا امیدوار کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں ضلع الکٹورل آفیسر اور الیکشن کمیشن کی جانب سے کاروائی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ اجلاس میں بلدی عہدیداروں کے علاوہ محکمہ پولیس کے اعلی عہدیدار بھی موجود تھے جو نوڈل ایجنسی میں شامل ہیں۔