نئی دہلی ۔ 10 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت نے پدما ایوارڈس کیلئے نامزدگی کی درخواستیں طلب کی ہیں جو سال 2015 ء کیلئے مختلف زمروں میں عطا کئے جائیں گے۔ پدما ایوارڈس 2015 کیلئے نامزدگی کے عمل کا آغاز ہوچکا ہے اور دلچسپی رکھنے والے حضرات 15 ستمبر 2014 ء تک اپنی درخواستیں روانہ کرسکتے ہیں ۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے یہ اطلاع دی جس کے مطابق درخواستیں مرکزی وزیر داخلہ یا مرکزی معتمد داخلہ کے دفاتر موقوعہ نارتھ بلاک ، نئی دہلی 110001 روانہ کی جاسکتی ہیں جس کی وزارت کی جانب سے مختص کئے گئے نمونہ میں خانہ پری لازمی ہوگی ۔ دلچسپی رکھنے والے حضرات اپنے کوائف کی تفصیلات زیادہ سے زیادہ دو صفحات پر تحریر کرسکتے ہیں جو 800 الفاظ سے زائد نہ ہو ۔ مذکورہ نمونہ کا فارم وزارت داخلہ کی ویب سائیٹ http://mha.nic.in sites/upload_files/ mha/files/ proforma-english Revised-050514.pdfسے ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ 2015 کیلئے پدما وبھوشن ، پدما بھوشن اور پدما شری ایوارڈس کا اعلان آئندہ سال یوم جمہوریہ کے موقع پر کیا جائے گا۔