چیف منسٹرکے چندر شیکھر راؤ ، وزیر داخلہ محمد محمود علی اور اپوزیشن قائدین کی مبارکباد
حیدرآباد ۔ 25فبروری ( پی ٹی آئی) ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی اور سابق ریاستی وزیر ٹی پدما راؤ گوڑ کو آج متفقہ طورپر تلنگانہ اسمبلی کا اسپیکر منتخب کرلیا گیا ۔ اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی نے ڈپٹی اسپیکر کی حیثیت سے پدما راؤ کے متفقہ انتخاب کا اعلان کیا کیونکہ ہفتہ کو اس عہدہکیلئے کوئی اور پرچہ نامزدگی موصول نہیںہ وا تھا ۔ ڈپٹی اسپیکر کے متفقہ انتخاب کو یقینی بنانے میں تعاون کیلئے حکمراں جماعت ٹی آر ایس نے اپوزیشن کیمپوں تک رسائی حاصل کی تھی اور انہوں ( اپوزیشن ) نے ان کی امیدواری کی تائید سے اتفاق کرلیاتھا ۔ اسپیکر کی جانب سے انتخاب کے اعلان کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، قائد اپوزیشن ملو بھٹی وکرامارکا اور دیگر جماعتو ں کے ارکان نے حلقہسکندرآباد کے رکن اسمبلی پدما راؤ کو کرسی تک پہنچایا ۔ نئے ڈپٹی اسپیکر کی حیثیت سے انتخاب پر پدما راؤ کو مبارکباد دیتے ہوئے چیف منسٹر نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تحریک میں ان ( پدما راؤ ) کی انتھک سرگرمیوں کو یاد دلایا اور کہا کہ انہوں نے علحدہ ریاست کے ایجی ٹیشن میں خود کو وقف کردیا تھا ۔ انہوں نے پدما راؤ کو ایک انکسار اور سادگی پسند شخص قرار دیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پدما راؤ نے غیر منقسم تلنگانہ کے ضلع رنگاریڈی اور مستقر حیدرآباد میں ( ایک لاکھ نوجوانوں کو روزگار اور ان کے خاندانوں کی گذر بسر کا ذریعہ سمجھے جانے والی ) تاڑی کی دوکانات کو بند کئے جانے کے خلاف ایجی ٹیشن چلایا تھا جس کے بعد یہ دوکانات دوبارہ کھول دی گئی تھیں اور 2014ء میں ٹی آر ایس کے برسراقتدار آنے کے بعد انہیں وزیر آبکاری بنایا گیا تھا ۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہاکہ حیدرآباد کی مشہور و معروف گنگا جمنی تہذیب کے جذبہ کے مطابق پدما راؤ کے تمام طبقات سے خوشگوار تعلاقت ہیں ۔ 63 سالہ پدما راؤ 1973 سے یوتھ کانگریس کے کارکن کی حیثیت سے سیاست میں شامل ہوئے تھے ۔ 1986میں ایم سی ایچ کے کارپوریٹر منتخب ہوئے تھے ، 2001میں ٹی آر ایس کے قیام کے بعد وہ اس جماعت میں شامل ہوگئے تھے ۔ وہ 2004ء اور 2014 میں اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے تھے ۔ کانگریس ، مجلس اور دیگر جماعتوں کے ارکان نے انہیں مبارکباد دی ۔