پبلک سرویس کمیشن کے مختلف گروپس جائیدادوں پر تقررات کا مطالبہ

چیف منسٹر تلنگانہ کا وعدہ وفا نہ ہوسکا۔ آر کرشنیا تلگودیشم رکن اسمبلی کا بیان
حیدرآباد۔ یکم اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ تلگود یشم پارٹی رکن اسمبلی و قومی صدر بی سی ویلفیر اسوسی ایشن مسٹر آر کرشنیا نے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ گروپ 1,3,4 کی ملازمتوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے فی الفور نوٹیفکیشن ( اعلامیہ ) جاری کرنے کا حکومت تلنگانہ سے پرزور مطالبہ کیا اور بتایا کہ گزشتہ 8سال سے گروپ I کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے کوئی نوٹیفکیشن ( اعلامیہ ) جاری نہیں کیا گیا۔ علاوہ ازیں گروپ IV کلریکل کی ہزاروں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات گزشتہ 20 سال سے عمل میں نہیں لائے گئے۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے ساتھ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کا خود مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وعدہ کیا تھا لیکن مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو اقتدار حاصل ہونے کے زائد از چار سال ہونے کے باوجود سرکاری محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے صرف زبانی اعلانات اور وعدوں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔ مسٹر آر کرشنیا نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے دریافت کیا کہ آیا ٹی آر ایس کے برسراقتدار آنے کے ساتھ ہی دو لاکھ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کا وعدہ اب تک پورا کیوں نہیں ہوا۔ لہذا فی الفور مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کا پرزور مطالبہ کیا۔ بصورت دیگر بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کرنے کا سخت انتباہ دیا۔