پاک ۔افغان سرحد پر باڑ کی تنصیب کا آغاز

اسلام آباد۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے فوجی سربراہ قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سرحد پار سے دہشت گردانہ سرگرمیوں کو روکنے کے لئے ملک متصل افغان سرحد پر باڑ لگانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ قمرجاوید باجوہ نے کل سرحد ی دورہ کے دوران کہا کہ پاکستانی سکیورٹی فورس کی جانب سے طویل عرصے سے شکایت تھی کہ جب دہشت گردوں کے خلاف مہم چلائی جاتی تھی،تو وہ سرحد پار کر کے افغانستان چلے جاتے تھے اور وہاں سے دہشت گردانہ سرگرمیوں کو انجام دیتے تھے ۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تقریبا 2600 کلومیٹر کی سرحد ہے ۔ حکام کا خیال ہے کہ سرحد پر کمزور کنٹرول کی وجہ سے حملہ آور ملک کے اندر آتے ہیں۔ قمرجاوید باجوہ نے سرحد پر متعدد علاقوں کا دورہ کرنے کے دوران سکیورٹی فورس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شدید خطرہ والا علاقہ ہونے کی وجہ سے باجوڑ اور مہمند ایجنسی میں باڑ لگانے کا کام شروع کیا گیا ہے ۔ یہ دونوں علاقے دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان کے زیر اثر ہیں۔