پاک و چین سے بہتر تعلقات کیلئے نریندر مودی کوشاں

نیویارک ۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیر مالیات ہند ارون جیٹلی جو اس وقت امریکہ کے دورہ پر ہیں، نے آج اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہندوستان کے لئے آئندہ 2 تا 3 سال انتہائی اہمیت کے حامل ہوں گے کیونکہ ملک میں اصلاحات کا اطلاق کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ہندوستان ترقی کا اپنا مقررہ نشانہ حاصل کرلے جو فی الحال 7 تا 7.5 فیصد ہے جس سے نہ صرف ہندوستانی عوام، ہندوستانی صنعتیں اور خود ہندوستانی حکومت انتہائی خوش ہے اور وہ اس لئے کہ خود بھی اور محترم وزیراعظم یہ محسوس کرتے ہیں کہ ہندوستان کی ترقی کا فیصد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتا ہے اور وہ اس ترقی کے تناسب کو حاصل کرنے کی اہلیت بھی رکھتا ہے۔ ارون جیٹلی 10 روزہ دورہ امریکہ پر ہیں، نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مائیکرو اکنامک انڈیکیٹرس اور اعداد و شمار کافی حوصلہ افزاء ہیں۔ تاہم ہمارے منصوبے اور ارادے اس سے کہیں زیادہ مستحکم ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ گذشتہ کچھ سالوں سے سیاسی انتظامی اور پالیسی سازیوں میں کوتاہیاں ہوئی ہیں۔

انہوں نے معاشیات سے اپنا موضوع تبدیل کرتے ہوئے پڑوسی ممالک خصوصی طور پر پاکستان کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو بہتر قرار دیا اور کہا کہ اس کا سہرا وزیراعظم نریندر مودی کے سر بندھنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے علاوہ چین کے ساتھ تعلقات بھی انتہائی خوشگوار ہوئے ہیں حالانکہ ملک کی اپوزیشن مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتی رہی اور یہ کہا جاتا رہا کہ چین نے جب ہندوستان کے پہلے وزیراعظم آنجہانی جواہر لال نہرو کو دھوکہ دینے میں کوتاہی نہیں کی تو وہ نریندر مودی کو بھی نہیں بخشیں گے۔، یہ بات درست ہے کہ چین کے ساتھ ہمارا سرحدی تنازعہ ہے لیکن اس کی یکسوئی بات چیت کے ذریعہ کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے ایک بار پھر پاکستان کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک زمانہ تھا کہ ہندوستان کو اپنے پڑوسی ملک کی وجہ سے کئی شکایتیں تھیں جہاں دہشت گردی روزمرہ کا معمول تھا۔ تاہم اب ہم نے دیکھا ہیکہ پڑوسی ممالک میں بھی دہشت گردی کے واقعات میں کمی آتی جارہی ہے جو ایک اچھی علامت ہے۔ دریں اثناء امریکی ٹریژری سکریٹری جیکب لیو بھی ارون جیٹلی سے ملاقات کرنے والے ہیں جہاں دونوں قائدین باہمی تجارت اور معاشی تعلقات کے موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ علاوہ ازیں کالے دھن پر بھی دونوں قائدین کی بات چیت متوقع ہے۔ ٹریژری ڈپارٹمنٹ نے بھی مزید تفصیلات نہ بتاتے ہوئے صرف اس بات کی توثیق کی جیکب لیو ہندوستانیو زیر مالیات ارون جیٹلی سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ سابق ٹریژری سکریٹری تموتھی گٹیز نے نیویارک میں اپنے ایک خطاب کے دوران کہا تھا کہ ارون جیٹلی کے پاس دنیا کا انتہائی دلچسپ اور پیچیدہ ترین وزارت مالیات کا قلمدان ہے۔