پاک آرمی عسکریت پسندوں کیخلاف پرجوش : راحیل شریف

اسلام آباد۔ 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان آرمی کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے آج شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں سے نبردآزما فوجی دستوں سے ملاقات کی اور عہد کیا کہ وہ دہشت گردوں کا تعاقب کرتے ہوئے ملک بھر میں پھیلی ہوئی ان کی پناہ گاہوں سے نکال کر انہیں پکڑیں گے تاوقتیکہ ان کا صفایا ہوجائے۔ جنرل شریف نے میراں شاہ میں جو بڑا ٹاؤن ہے، جہاں آرمی لڑ رہی ہے تاکہ اس ٹاؤن کو عسکریت پسندوں کے قبضہ سے پوری طرح واپس حاصل کیا جاسکے، وہاں جاری آپریشن کے وسط میں انہوں نے فوجیوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کا حوصلہ بڑھایا، ملٹری ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم باجوا نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے پھر ایک بار افسروں پر زور دیا کہ وہ مقامی اور بیرونی دہشت گردوں اور ان کی پناہ گاہوں کے صفائے پر توجہ مرکوز کریں۔ جنرل شریف نے عہد کیا کہ دہشت گردوں کا مسلسل تعاقب کرتے ہوئے انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ ایک دہا طویل شورش پسندی زائد از 40 ہزار جانیں لے چکی ہیں۔ جاریہ آپریشن 15 جون کو شروع کیا گیا اور جسے ضرب عضب کا نام دیا گیا ہے۔ ابھی تک جملہ 386 عسکریت پسند اور 19 سپاہی اس جارحانہ مہم میں ہلاک ہوچکے ہیں۔