اسلام آباد ۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جنرل قمر جاوید باجوا نے پاکستانی فوج کا سربراہ مقرر کئے جانے کے بعد رسمی طور پر آج اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا اور میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کا جائزہ لیں گے۔ 57 سالہ باجوا نے چھاؤنی نما شہر راولپنڈی میں گذشتہ روز منعقدہ ایک تقریب میں اپنے پیشرو جنرل راحیل شریف سے فوج کی کمانڈ حاصل کیا تھا۔ جنرل باجوا نے ایک ایسے وقت فوجی کمان سنبھالی ہے جب ہندوستان و پاکستان کے درمیان کشیدگی کے سبب لائن آف کنٹرول کی صورتحال ابتر ہوچکی ہے، جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے اور پاکستانی افواج حالیہ عرصہ کے دوران شورش زدہ صوبوں میں دہشت گردی کے خلاف کی گئی کارروائیوں میں ہونے والی کامیابیوں سے اپنے موقف کو مزید مستحکم بنارہی ہیں۔ جنرل باجوا کو بیرونی سیکوریٹی صورتحال کے علاوہ عسکریت پسندوں کے خلاف شروع کردہ فوجی کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے بڑے چیلنج کا سامنا بھی ہے۔