پاکستان کی نیوکلیئر سکیوریٹی پر امریکہ کو اطمینان

دی ہیگ ۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے پاکستان کی نیوکلیئر سکیورٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ جوہری سکیورٹی پر جوہری ملکوں کی سربراہی کانفرنس میں اجلاس کے باقاعدہ آغاز سے قبل جان کیری اور وزیراعظم نواز شریف کی ملاقات ہوئی جس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے جان کیری نے کہا کہ امریکہ کو پاکستان کے جوہری پروگرام کی حفاظت پر اعتماد ہے۔ امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ ’ہم نے حال ہی میں یہ کہا تھا اور اب پھر کہتے ہیں کہ ہمیں پاکستان کی نیوکلیئر سکیورٹی پر اعتماد ہے اور انھوں نے اس پر واقعی بہت زیادہ کام کیا ہے اور وزیراعظم نواز شریف یہاں اجلاس میں اس پر شاید بات بھی کریں۔‘ پاکستان ہیگ میں عالمی طاقتوں کے سامنے توانائی کے بحران سے نکلنے کے لیے سول جوہری توانائی کے حصول کا مطالبہ دہرائے گا۔

ہیگ میں وزیراعظم نواز شریف کو امریکی صدر اوباما، چین کے صدر شی جی پنگ اور ترکی کے صدر عبداللہ گل سے بھی مصافحہ کرنے کا موقع ملا۔ ہیگ میں جوہری سلامتی سے متعلق تیسری بین الاقوامی کانفرنس جاری ہے جس میں پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سمیت 53 ممالک کے سربراہان اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندے شریک ہیں۔ جان کیری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ سٹریٹیجک ڈائیلاگ، دفاع اور استحکام سمیت جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ سمیت دیگر امور پر ایک دوسرے سے رابطہ میں ہے۔ جان کیری نے اپنے بیان میں یہ بھی بتایا کہ حال ہی میں دونوں ممالک نے واشنگٹن میں سٹریٹیجگ مذاکرات کیے تھے اور اب ہم وہاں پاکستان کے وزیرخزانہ کی آمد کے منتظر ہیں۔ اس موقع پر پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ گزشتہ نو ماہ سے ہم پاکستان کو درپیش مختلف چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کوشاں ہیں اور اس عرصے میں امریکی دوستوں کے ساتھ بہت نتیجہ خیز بات چیت ہوئی۔
انھوں نے امریکی صدر سے واشنگٹن میں ہونے والی ملاقات کا حوالہ بھی دیا۔ پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کو جوہری پالانٹس چلانے کا چالیس سال سے زیادہ کا تجربہ ہے اس لیے اسے غیر امتیازی طور پر نیوکلیئر ٹیکنالوجی تک رسائی دی جانی چاہیے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ وہ اس ٹیکنالوجی کو جوہری توانائی کی پیداوار سمیت پرامن مقاصد کے لیے استعمال کرے گا۔