پاکستان کی طرف سے در اندازی کی سازش: راجناتھ

نئی دہلی۔/2جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے آج یہ الزام عائد کیا کہ پاکستان سرحد پار سے مسلسل فائرنگ کی آڑ میں جموں و کشمیر میں دہشت گردوں کو ڈھکیلنے کی کوشش میں ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ جب ان سے دریافت کیا گیا کہ پاکستانی دستوں کی جانب سے مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی سرحد پار سے دراندازی کی کوشش تو نہیں ہے؟ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان نے جموں میں بین الاقوامی سرحد سے فائرنگ کررہا ہے لیکن بی ایس ایف اس کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔اس سوال پر کہ کیا ہندوستان کی جانب سے زبردست فائرنگ پر آیا پاکستان نے احتجاج کیا ہے۔ مسٹر راجناتھ سنگھ نے کہا کہ دراصل پاکستان نے فائرنگ شروع کی ہے ہم نے صرف اس کا جواب دیا ہے۔