پاکستان کی رقم ہندوستانی بینکوں میں جمع کرانے والے گرفتار

دہشت گردی کیلئے فنڈ فراہم کرنے کے الزامات ، یو پی اے ٹی ایس کی کارروائی

لکھنؤ ۔ /25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے 10 افراد کو گرفتار کیا ہے جن کے تعلق سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ انہوں نے پاکستان کی رقم کو ہندوستان کے مختلف بینکوں میں جمع کرائی تھی اور ان کا لشکر طیبہ سے تعلق ہے ۔ یہ لوگ مبینہ طور پر دہشت گردی کیلئے فنڈس جمع کرانے کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں ۔ اے ٹی ایس کے آئی جی اسیم ارون نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ گورکھپور ، لکھنؤ ، پرتاپ گڑھ اور ریوان (ایم پی) سے اے ٹی ایس نے 10 افراد کو حراست میں لیا ہے ۔ یہ لوگ پاکستان سے ملنے والی رقومات اور ہدایات پر عمل کرتے ہوئے دہشت گردی کیلئے فنڈنگ میں ملوث پائے گئے ہیں ۔ ان گرفتاریوں پر بیان دیتے ہوئے یو پی کے ڈی جی پی او پی سنگھ نے کہا کہ قانون توڑنے والوں کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا اور ہم کسی بھی غیرسماجی عناصر اور مجرموں کو کھلی چھوٹ نہیں دیں گے ۔ ہماری تمام کوششیں یہی ہیں کہ ریاست یو پی کو جرائم سے پاک بنایا جائے ۔ او پی سنگھ نے مزید کہا کہ یو پی پولیس ان خاطیوں کے ساتھ سختی سے نمٹے گی ۔ اس کیس میں مزید گرفتاریوں کا امکان ہے ۔ ہم ان افراد کی رقمی لین دین اور پاکستان میں ان کے آقاؤں سے روابط کی تفصیلی تحقیقات کررہے ہیں ۔

گرفتار شدہ افراد کی نسیم احمد ، نعیم ارشد ، سنجے سروج ، نیرج مشرا ، ساحل مسیح ، اوما پرتاپ سنگھ ، مکیش پرساد ، نکھیل رائے عرف مشرف انصاری ، انکور رائے اور دیانند یادو کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے ۔ لشکر طیبہ کے ایک رکن نے ان افراد سے رابطہ قائم کرتے ہوئے فرضی ناموں سے بینک اکاؤنٹس کھولے اور انہیں ہدایت دی کہ وہ جتنی چاہے رقم کس کس اکاؤنٹ میں منتقل کرنا ہے اس کی اجازت ہے ۔ ہندوستانی ایجنٹوں نے پاکستان کی رقم کو بینکوں میں جمع کرنے کیلئے 10 تا 20 فیصد کمیشن حاصل کیا ۔ اب تک ایک کروڑ روپئے کے رقمی معاملت کی گئی ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گرفتار شدہ افراد کا لشکر طیبہ سے رابطہ ہے ۔ ان میں سے بعض افراد جانتے تھے کہ ان سے کیا کام لیا جارہا ہے اور وہ لوگ کیا کام انجام دے رہے ہیں ۔ اس سلسلے میں بینک عملے کے رول کی بھی تحقیقات کی جائے گی ۔ ان افراد کے قبضے سے اے ٹی ایم کارڈس ، 42 لاکھ روپئے کی رقم ، سوئپ مشینس ، میگنیٹک کارڈ ریڈرس ، تین لیاپ ٹاپس ، مختلف بینکوں کے پاس بکس ، دیسی ساختہ پستول ، کراتوس برآمد کئے گئے ہیں ۔