جموں۔15فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی رینجرس نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ضلع جموں کے آر ایس پورہ سیکٹر کے تحت علاقہ تاوی میں فائرنگ کی ۔ بی ایس ایف کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ ’’ انہوں نے ( پاکستانی رینجرس) نے آر ایس پورہ سیکٹر کے تاوی علاقہ میں تقریباً 11بجے دن چھوٹے آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کی ‘ تاہم ہماری طرف سے کوئی جوابی کارروائی نہیں کی گئی ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جنگ بندی کی خلاف ورزی کا یہ دوسرا واقعہ ہے ۔ پاکستانی رینجرس گذشتہ روز آر ایس پورہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد کے قریب نواپنڈ سرحدی آؤٹ پوسٹ پر دو تا تین مورٹار شل برسائے تھے ‘ تاہم یہ شل دور دراز کے غیر آباد مقام پر پھٹ پڑے اور کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ۔ ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے قریب فوج نے سرحد پار سے دراندازی کی ایک کوشش کو بھی ناکام بنادیا تھا ۔ دفاع کے ترجمان برائے شمالی کمانڈ کرنل ایس ڈی گوسوامی نے کہا کہ ’’ گذشتہ روز تقریباً 10بجکر 45منٹ پر پاکستان کے علاقہ سے تین تا چار افراد نے دراندازی کی کوشش کی تھی ‘‘ ۔ کرنل گوسوامی نے کہا کہ ان افراد کے ہندوستانی علاقہ میں داخل ہوجانے کے بعد وہاں متعین فوج نے فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی اس علاقہ کے اُس پار متعین پاکستانی چوکیوں نے بھاری فائرنگ کی ۔ دونوں طرف سے جاری فائرنگ کے درمیان درانداز دوبارہ لائن آف کنٹرول عبو کرتے ہوئے پاکستانی علاقہ میں بھاگ گئے ۔